لاہور (خصوصی نامہ نگار) مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین سے مرکزی جمعیت علماء اسلام کے سرپرست اعلیٰ مولانا محمد اجمل قادری کی سربراہی میں تین رکنی وفد نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور خیریت دریافت کرتے ہوئے مکمل صحت یابی کیلئے دعا کی۔ وفد میں جے یو آئی مرکزی کے امیر پیر سید چراغ الدین شاہ اور سیکرٹری جنرل مفتی احمد علی ثانی بھی موجود تھے جنہوں نے چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الٰہی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سیاسی ماحول کو جس طرح خوشگوار بنایا اس پر حکومت اور اپوزیشن دونوں ان کی معترف ہو گئے اس موقع پر 15 دسمبر کو لاہور شیرانوالہ میں پارٹیز کانفرنس میں چودھری شجاعت حسین کی شرکت کی دعوت بھی دی گئی۔ شجاعت حسین سے خطیب مسجد بادشاہی مولانا عبدالخبیر آزاد نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ ملاقات میں چودھری شافع حسین اور رانا خالد بھی موجود تھے۔ چودھری شجاعت حسین نے ان کی امامت میں نماز ظہر بھی ادا کی پاکستان کی سلامتی اور کشمیر کی آزادی کیلئے خصوصی طور پر دعا کی گئی۔ مولانا عبدالخبیر آزاد نے چودھری شجاعت کو بیٹے کی شادی میں شرکت کا دعوت نامہ بھی دیا۔