لاہور (سٹاف رپورٹر+این این آئی) محکمہ سکولز ایجوکیشن نے شدید فضائی آلودگی (سموگ) کے باعث لاہور فیصل آباد اور گوجرانوالہ کے سرکاری اور نجی سکولوں میں آج تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ سرکاری اعلان کے بعد تمام تعلیمی ادارے آج بند رہیں گے۔ اس سے قبل گزشتہ جمعہ کو بھی سموگ کی بڑھتی صورتحال کے پیش نظر محکمہ سکولز ایجوکیشن نے چھٹی کا اعلان کیا تھا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور 279 ائر کوالٹی انڈیکس کے ساتھ فضائی آلودگی میں دوسرے نمبر پر آ گیا ہے سب سے زیادہ اے کیو آئی پنجاب اسمبلی کے اطراف میں 612 ریکارڈ کیا گیا۔ پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی دھند اور سموگ کے بادل چھائے رہے۔ گوجرانوالہ میں اور کوالٹی الیکشن 444 فیصل آباد کا 484 اور ملتان میں 164 ریکارڈ کیا گیا۔این این آئی کے مطابق دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب بھر میں سموگ کی انتہائی خطرناک صورتحال کے متعلق پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں قرارداد جمع کرا دی گئی۔ مسلم لیگ ن کی رکن اسمبلی کنول لیاقت ایڈووکیٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی قرار داد کے متن میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومت سنجیدگی کے ساتھ سموگ کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کرے۔