ساہیوال (نمائندہ نوائے وقت) پشاور سے کراچی جانے والی خیبر میل ٹرین خوفناک حادثہ سے بال بال بچ گئی۔ بوگیوں کی بریکیں فیل ساڑھے چار گھنٹے تک ساہیوال ریلوے اسٹیشن پر رکی رہی۔ ریلوے حکام نے نوٹس لے کر انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔ خیبر میل پشاور سے کراچی جاتے ہوئے ساہیوال ریلوے سٹیشن پر پہنچی تو چار بوگیوں کے بریک اچانک فیل ہو گئے جس کی وجہ سے ٹرین کو فوری طور پر روک لیا گیا۔ بوگیوں کی بریکوں کی مر مت کے بعد ٹرین کو ساڑھے چار گھنٹے کی تا خیر سے روانہ کر دیا گیا۔ ریلوے سٹیشن پر مسافروں نے حکومت کے خلاف احتجاج کیا اور وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا۔ اس دوران لاہور اور کراچی جانے والی ٹرینوں کو ریلوے کے دو سرے ٹریک سے گذار ا گیا۔ سپرنٹنڈنٹ ریلوے ملتان نے ساہیوال پہنچ کر تحقیقات شروع کر دی ہے۔