اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان نے ایک بار پھر مطالبہ کیا ہے کہ حقائق جاننے کیلئے مقبوضہ کشمیر میں آزادانہ کمشن تشکیل دیا جائے، بھارت مقبوضہ جموں کشمیر میں انٹرنیشنل ہیومن رائٹس کے اہلکاروں اور غیر ملکی صحافیوں کو جانے کی اجازت دے۔ موبائل‘ انٹرنیٹ سروسز بحال‘ سیاسی قیدیوں کو رہا کرے۔ سیاچن ایک متنازعہ علاقہ ہے۔ بھارت کیسے اس کو سیاحت کیلئے کھول سکتا ہے؟ ہمیں بھارت سے کسی خیر کی توقع نہیں ، کرنل حبیب ظاہر کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ دیکھا ہے جو جعلی دکھائی دیتا ہے، اہل خانہ گمشدگی کے حوالے سے انتہائی پریشان ہیں، افغان طالبان اور امریکہ کے درمیان مذاکرات پر سرد مہری کے حوالے سے اطلاع نہیں ہے۔ متحدہ بانی کی حوالگی کا معاملہ انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے۔ جمعرات کو ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈائون ہولناک خواب کی طرح جاری ہے۔ عالمی برادری اور اقوام متحدہ بھارتی مظالم کا نوٹس لیں۔ بھارتی قابض افواج آمرانہ قوانین کی آڑ میں نوجوانوں اور بچوں کو غیرقانونی طور پر حراست میں لے رہی ہے، وزیر خارجہ کا خط اقوام متحدہ کے سیکورٹی کونسل کے ارکان میں تقسیم کیا گیا، یہ باعث فخر ہے۔ پاکستان کی ایدھی فاؤنڈیشن کو اس کی انسانی خدمات کے اعتراف میں بحرین کا ایوارڈ دیا گیا، کرنل ریٹائر حبیب ظاہر کو نیپال سے اغواء کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کی جانب سے غیر ملکی سفارتکاروں کو مقبوضہ کشمیر کا دورہ کرنے کی کوششیں ناکام ثابت ہوئیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ملکہ میکسیما پچیس سے ستائیس نومبر کو پاکستان کا دورہ کریں گے، سری لنکا کے نو منتخب صدر کو مبارکباد دیتے ہیں، امید ہے ان کے دورِ اقتدار میں پاکستان اور سری لنکا کے تعلقات بہتر ہوں گے۔ پاکستان کی مقبوضہ فلسطین میں غیر قانونی آباد کاری پر موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ اطلاعات ہیں کہ کرتار پور آنے کیلئے یاتریوں کیلئے بھارت کی جانب سے رکاوٹیں پیدا کی جارہی ہیں، پاکستان کی جانب سے کوئی رکاوٹ نہیں، روزانہ 5000 یاتریوں کے آنے کی گنجائش ہے، پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کوششیں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہاکہ سعودی عرب میں گزشتہ ماہ مدینہ کے قریب حادثے کا شکار ہونے والی بس میں 13 پاکستانی سوار تھے، 13 پاکستانیوں میں سے 12 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوا، بس حادثے میں جاں بحق 9 پاکستانیوں کا ڈی این اے میچ ہوا، ڈی این اے میچ ہونے والے 9 پاکستانیوں کی تدفین مدینہ میں کر دی گئی، ترجمان کے مطابق جاں بحق افراد میں محمد عمر ولد علی اکبر، غلام عباس ولد نواب علی، سراج الدین ولد محمد عقیل اور آفتاب ولد عزت مند خان کے نام سے شناخت ہوئی، ابوبکرصدیق ولد عبدالرحمان، فضل رحمان ولد گل رحمان، عمران خان ولد خانزادہ خان، فضل اللہ ولد بخت جمال اور ذاہد اللہ ولد قلندر سید بھی جاںبحق ہونے والوں میں شامل ہیں۔ بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے جس کی وجہ سے وہاں انتہا پسندی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ ترجمان نے متحدہ بانی کی جانب سے بھارتی ٹی وی چینل کو انٹرویو دینے پر تشویش کا اظہار کر دیا۔ انہوں نے کہا اس کا جائزہ لے رہے ہیں اور اس پر تفصیلی جواب دیا جائے گا۔ ہم ہندوستان سے اچھے تعلقات کی خواہش رکھتے ہیں تاہم وہ ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ کرنل ریٹائرڈ حبیب طاہر ڈیتھ سرٹیفکیٹ جعلی ہے۔ ملک دشمن خفیہ ایجنسیاں ان کی گمشدگی میں ملوث ہیں۔ گلگت بلتستان کو کبھی بھی صوبہ بنانے کا نہیں کہا بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کے بھارتی چینل کو انٹرویو کے معاملے پر کہا کہ ان کا جائزہ لے رہے ہیں اور اس پر تفصیلی جواب دیا جائیگا۔