وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عدالتی سزایافتہ کو معصوم ثابت کرنے کے لئے عمران خان کی امانت ودیانت پر انگلی اٹھا کر احسن اقبال گنہگار ہو رہے ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری اپنے پیغام میں انہوں نے مسلم لیگ نون کومخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کو سیاسی دھمکیاں دینا بند کریں۔سپریم کورٹ پرآپ نے حملہ کیا یا بریف کیسوں کی چمک آپ دکھاتے رہے۔آج نئے بھیس میں پھر قوم کو دھوکا دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔احسن صاحب آپ جس مشن ٹوئنٹی ٹوئینٹی پر ہیں وہ پورا نہیں ہونے والا۔ عمران خان 2018 میں پانچ سالہ سیریزجیت چکے ہیں انہوں نے کہا کہ لٹیرا لیگ احسن انداز میں جھوٹ کا اقبال بلند کررہی ہے۔انہوں نے مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی قیادت کے تمام اکائونٹس، کاروبار اور علاج بیرون ملک میں ہے،پاناما کی کرپشن اور کالی کمائی کے انبار قوم بھول نہیں گئی۔