سعودی عرب اور چین کی مشترکہ بحری فوجی مشقیں شروع ہوگئی ہیں۔ دوسری طرف امریکا نے ان مشقوں پر گہری نظر رکھی ہوئی ہے۔ اسرائیلی جریدے کے مطابق چین اور سعودی عرب کی باہمی فوجی مشقوں پرامریکا نے نظریں جمائی ہوئی ہیں۔ ان مشقوں کا مقصد چین اور سعودیہ کے درمیان دفاعی تعلقات کومزید مستحکم کرنا اور مستقبل میں دفاعی سازو سامان کی خریداری میں اضافہ کرنا ہے۔ اسرائیلی جریدے کے مطابق مشرق وسطیٰ میں رواں ہفتے کی اہم ترین دفاعی سرگرمی یہ سامنے آئی کہ چین اور سعودی عرب کی نیول فورسز نے مشترکہ مشقیں شروع کی ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان یہ اپنی نوعیت کی پہلی دفاعی مشقیں ہیں جنہیں 'بلیو کمان 2019ء' کا نام دیا گیا ہے۔ یہ مشقیں شاہ فیصل ایئر بیس پرجاری ہیں جو سعودی نیول فورس کا جدہ میں سب سے بڑا اڈا اور مغربی سعودی عرب میں مملکت کا بڑا فوجی مرکز مانا جاتا ہے۔