سرگودھا(نامہ نگار)سرگودھا کے چک 11بلوچاں والا میں دیرینہ دشمنی پرایک گروپ کے مسلح افراد نے مخالف کے گھر پر فائرنگ کر کے دو افراد کو قتل اور مقتول کی بیوی کو زخمی کر دیا اور فرار ہو گے ، واقعہ کے خلاف لواحقین نے مقتول کی نعش سڑک پر رکھ کر روڈ بلاک احتجاج کرتے ہوتے ملزمان کی گرفتاری اور قرار واقعی سزا کا مطالبہ کر دیا۔جس کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او نے رپورٹ طلب کر لی۔زرائع کے مطابق سرگودھا کی تحصیل بھلوال کے چک گیارہ بلوچاں والا میں بلوچ اور گجر گروپوں کے درمیان دیرینہ دشمنی چلی آ رہی تھی جس پر گجر گروپ کے مسلح افراد گل محمد وغیرہ نے مخالف بلوچ گروپ کے محمد سیلم کے گھر جا کر فائرنگ کر دی۔جس کے نتیجہ میں محمد رمضان موقع پر جاں بحق جبکہ محمد سیلم ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ اس کی بیوی الفت بی بی شدید زخمی ہو گئی اس واقعہ پر لواحقین نے احتجاج کرتے ہوئے مقتول کی نعش سڑک پر رکھ کر بھیرہ چوک میں دھرنا دے کر ٹریفک جام کر دی اور مطالبہ کیا کہ ملزمان کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔پولیس نے ایک مقتول کی نعش پوسٹمارٹم کے بعد ورثاء کے سپرد کر دی اور مظاہرین سے مزاکرت میں یقین دلایا کہ ملزمان کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی اور انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دے کر ملزمان کی گرفتاری کا ٹاسک دے دیا گیا۔جبکہ ڈی پی او سرگودھا ذوالفقار احمد نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ڈی پی او بھلوال سے رپورٹ طلب کرلی۔