لندن (نوائے وقت رپورٹ) برطانیہ میں ہسپتال پر کام کرنے والی ایک حاملہ خاتون کرونا وائرس کا شکار ہوئی اور پھر پیچیدگیوں کے باعث کوما میں چلی گئی اور اسی دوران جڑواں بچوں کو جنم دیا۔ رپورٹ کے مطابق پریپیٹول یوکی مارچ کے آخر میں کرونا وائرس کا شکار ہوئی تھیں۔ انہیں برمنگھم کے کوئین ایلزبتھ ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا، جہاں وہ وینٹی لیٹر پر جانے کے بعد کوما میں چلی گئیں۔ ایک ماہ بعد وہ کوما سے باہر آئیں اور دریافت کیا کہ وہ اب حاملہ نہیں، تو انہیں کسی بدتر صورتحال کا خوف محسوس ہوا۔ مگر انہیں بتایا کہ آپریشن کے ذریعے ایک لڑکے اور لڑکی کی پیدائش 16دن قبل ہوئی۔ انہوں نے سکائی نیوز کو بتایا 'کوما میں جانے سے قبل میں 24 سے 25 ہفتے کی حاملہ تھی، مگر جب میں بیدار ہوئی تو حمل کے آثار ختم ہوچکے تھے۔ مجھے لگا کہ اسقاط حمل ہوگیا ہے اور میں بہت فکرمند ہوگئی'۔ مگر ان کے بچوں کی پیدائش 10 اپریل کو بہت زیادہ قبل از وقت ہوئی کیونکہ پریپیٹول یوکی کے حمل کو صرف 26 ہفتے ہوئے تھے۔