فیروز والہ/کامونکے/ ساہیوال/ گوجرانوالہ (نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی) فیرورز والہ، کامونکے ، ساہیوال اور گوجرانوالہ میں مختلف ٹریفک حادثات میں ماں، بیٹے، نانی، نواسے 3 کزنز سمیت 15 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ فیروزوالہ سے نامہ نگار کے مطابق جی ٹی روڈ پر ٹریفک حادثا ت میں ماں بیٹے سمیت پانچ افراد جاں بحق اور بارہ افراد زخمی ہوئے۔ شیخوپورہ مریدکے روڈ پر تیز رفتار ٹرک بے قابو ہو کر رکشہ اور مزدوروں کی دو موٹر سائیکلوں سے ٹکرا گیا جس سے ایک مزدور جاں بحق جبکہ رکشہ سوار نوجوان جان کی بازی ہارگیا اور سات افراد زخمی ہو گئے۔ بنگلہ پُلی کے قریب تیز رفتار ویگن نے موٹر سائیکل سوار کو روند ڈالا جس سے نوجوان اسحاق زخمی اور اس کی بھاوج اور اس کا کمسن بیٹا زین جاں بحق ہو گئے۔ فیض پور انٹر چینج کے قریب بس دو کاروں سے ٹکر ا گئی جس سے کار سوار نوجوان حسن رضا جاں بحق اس کی بیوی، باپ سمیت پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ کامونکے سے نامہ نگار کے مطابق بس کی زد میں آکر نانی اور نواسہ جاں بحق ہوگیا۔ 45 سالہ زبیدہ اپنی بیٹی اور سات دن کے نواسے کے ہمراہ ختنے کروانے کیلئے مقامی ہسپتال آئے واپسی پر سڑک عبور کرتے ہوئے تیز رفتار بس نے انہیں کچل ڈالا۔ جس سے زبیدہ اور اس کا نواسہ موقع پرجاں بحق ہوگئے۔ ساہیوال سے نامہ نگار کے مطابق جی ٹی روڈ پر ہڑپہ کے نزدیک ٹرک کی ٹکر سے موٹرسائیکل پر سوار دو نوجوان جاں بحق ہو گئے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق چھ دوست گوجرانوالہ سے لاہو ر آ رہے تھے کہ مریدکے کے قریب تیز رفتار ٹرک نے گاڑی کو کچل ڈالا۔ حادثہ کے نتیجہ میں چھ دوست جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں تین کزنزشامل۔ چار کی میتیں چمن شاہ قبرستان لائی گئیں اوردو کو فتومنڈ میں سپرد خاک کیاگیا ہے۔
گوجرانوالہ کزنز کیساتھ دوست فیروز والہ ماں بیٹے سمیت 3کامونک5ے نانی نواسہ جاں بحق
Nov 22, 2020