اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گِل نے سابق صدر آصف زرداری اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو کی منگنی کے دعوت نامے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ خلقِ خدا کوجلسوں میں بلاتے ہو تو کیوں اْن کی جانوں کا خیال نہیں رکھتے، اپنی جانیں تو بہت عزیز ہیں تمہیں؟۔ڈاکٹر شہباز گِل نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر بختاور بھٹو کی منگنی کے دعوت نامے کی تصویر شیئر کی جس میں لکھا تھا کہ مہمان شرکت سے قبل کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ بھیجنے کے پابند ہوں گے۔وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گِل نے ٹوئٹر پر بختاور بھٹو کی منگنی کے دعوت نامے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں لکھا کہ بختاور کی منگنی پروگرام کیلئے کرونا ٹیسٹ رپورٹ بھیجنا لازم ہے ورنہ آپ کو بلاول ہائوس آنے نہیں دیا جائے گا۔انہوں نے شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہے وہ فرعونیت، یہ ہے وہ ظالمانہ سوچ جو عوام کو کم تر سمجھتے ہیں۔