لاہور(نیوز رپورٹر)ہفتہ شان رحمت اللعالمین ؐ کے سلسلے میں محکمہ سکولز ایجوکیشن کے زیر اہتمام ایوان اقبال میں صوبائی سطح پر نعت، تقریری اور کوئز مقابلے جیتنے والے سکولوں کے طلبہ کے اعزاز میں شاندار تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب تقسیم انعامات کی صدارت وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے کی۔نعت خوانی کے مقابلے میں صوبے بھر میں اول آنے والی طالبہ آمنہ اسلم نے نعت پیش کی۔ ’’اس کی دولت نقش کف پا تیرا …کچھ نہیں مانگتاشیدا تیرا ‘‘آمنہ اسلم کی پرسوز آواز نے سماں باندھ دیا۔تقریری مقابلوں میں اول پوزیشن حاصل کرنے و الے جھنگ کے طالب علم محمد سعد نے خیالات کااظہار کیا۔سفید لباس اور حجاب میں ملبوس طالبات نے قصیدہ بردہ شریف پیش کیا۔