کراچی (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہید شاہنواز بھٹو کی سالگرہ پر پیغام میں کہا ہے کہ شہید شاہنواز بھٹو کی شخصیت جمہوریت پسند فکر اور انقلابی سوچ کا امتزاج تھی۔ پی پی پی چیئرمین نے شاہنواز بھٹو کو ان کی 62 ویں سالگرہ پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ زندگی بھر پاکستانی عوام کے جمہوری حقوق کے لیے کھڑے رہے اور صعوبتیں برداشت کیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ ایک آمر کے آسیب نما سایوں کے ہاتھوں شہید تو ہوگئے، لیکن آمرانہ طرزِ حکومت کے خلاف ان کی جدوجہد زندہ ہے۔ پیپلز پارٹی کی قیادت و کارکنان عوام کو مکمل حقِ حاکمیت ملنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔