عثمان بزدار نے پولیس بلوچ لیویز میں10678 بھرتیوں کی منظوری دیدی

لاہور (نیوز رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پولیس اور بلوچ لیویز میں بھرتیوں کی منظوری دیدی ہے۔ عثمان بزدار نے کہاکہ پنجاب پولیس میں مزید 10300کانسٹیبل بھرتی کئے جائیں گے جبکہ بلوچ لیویز میں 378بھرتیاں ہوں گی۔ تمام بھرتیاں 100فیصد میرٹ پر ہوں گی۔ امن عامہ کی صورتحال میں بہتری کو یقینی بنانے کے لئے پولیس میں مزید بھرتیاں کی جا رہی ہیں اور امن وامان کیلئے ہر ضروری اقدام کر رہے ہیں۔ بلوچ لیویز میں بھرتیوں سے راجن پور اورڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقوں میں لاء اینڈ آرڈر میں بہتری آئے گی۔ماضی کی روایات کے برعکس پولیس کی ضروریات کا تعین کر کے وسائل مہیا کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ہفتہ شان رحمت اللعالمین کے سلسلے میں ایوان اقبال میں نعت، تقریری و کوئز مقابلے جیتنے والے طلبا و طالبات کے اعزاز میں تقریب کاانعقاد کیا گیا۔وزیراعلی نے صوبائی سطح پر سکولوں کے جیتنے والے طلبا وطالبات میں انعامات تقسیم کئے۔وزیراعلی عثمان بزدار نے کہاکہ ہفتہ شانِ رحمت اللعالمین میں شرکت ہم سب کیلئے اعزاز ہے۔ نبی کریم سے بے لوث او رلازوال محبت ہمارا ایمان ہے۔ پنجاب کوئز، نعت اور تقریری مقابلہ جیتنے والے طلبہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ نبی کریم سے محبت کا تقاضا ہے کہ ہم سب اپنی زندگیوں کو اسوہ حسنہ کے مطابق ڈھال لیں۔ یہی دنیا اور آخرت میں کامیابی کا واحد طریقہ ہے۔ عثمان بزدار سے رکن صوبائی اسمبلی چودھری اشرف علی انصاری اور چودھری محمد یونس انصاری نے ملاقات کی۔اشرف انصاری اور یونس انصاری نے وزیر اعلیٰ پر اعتماد کا اظہار کیا۔ملاقات میں اپوزیشن کے ریاست مخالف بیانیہ کی مذمت کی گئی۔وزیر اعلی نے کہا کہ پاکستان کے اداروں کا احترام سب پر لازم ہے -قومی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے-مخصوص ایجنڈے کے تحت اداروں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ پی ڈی ایم مسترد شدہ عناصرکا ٹولہ ہے اور یہ عناصر ملک و قوم کے خیرخواہ نہیں -اس ٹولے کا ایجنڈا صرف افراتفری پھیلانے کے سوا کچھ نہیں۔سابق حکمرانوں نے ماضی میں عوام کو کھوکھلے نعروں سے بہلایا ۔لوٹ مار کر کے ذاتی تجوریاں بھرنے والے عوام کو گمراہ نہیں کرسکتے۔ارکان پنجاب اسمبلی میرے دست و باؤز ہیں انہیں عزت و احترام دیں گے۔گوجرانوالہ کو تحریک انصاف کا قلعہ بنائیں گے۔

ای پیپر دی نیشن