سخت لاک ڈائون نہ لگانے پر تنقید کرنیوالے خود جلسے کررہے ہیں: عمران خان

Nov 22, 2020

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) وزیراعظم عمران خان نے پشاور میں کرونا کیسز کے تیزی سے بڑھنے کے باوجود پی ڈی ایم کے جلسے کے اعلان پر رد عمل  میں کہا ہے کہ پی ڈی ایم رہنما عوامی تحفظ سے کھیل رہے ہیں۔ ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سخت لاک ڈاؤن کے خواہشمند پی ڈی ایم ارکان غیر ذمہ دارانہ سیاست کررہے ہیں، پی ڈی ایم ارکان غیر ذمہ دارانہ سیاست کرکے عوام کی سیفٹی سے کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ارکان عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جلسہ کررہے ہیں اور جلسہ ایسے وقت کیاجا رہا ہے جب کرونا کیس ڈرامائی طور پر بڑھ رہے ہیں۔وزیراعظم کا کہنا تھاکہ پی ڈی ایم کے رہنما وہی ہیں جو سخت لاک ڈاون چاہتے تھے، یہ پی ڈی ایم رہنما پہلے مجھ پر تنقید کررہے تھے۔  وزیراعظم نے لکھا کہ ’پی ڈی ایم کے وہ اراکین جو پہلے سخت ترین بندشیں چاہتے تھے اور مجھ پر طنز و تنقید کے نشتر چلایا کرتے تھے آج لوگوں کی زندگیاں خطرے میں ڈال کر نہایت عاقبت نا اندیشانہ سیاست کر رہے ہیں۔ کیفیت یہ ہے کہ عدالتی احکامات ہوا میں اڑا کر کیسز میں نہایت تیز اضافے کے باوجود یہ جلسے پر مصر ہیں۔ اس کے علاوہ حکومت نے بچوں اور خواتین کے ساتھ زیادتی کرنے والوں کو نشان عبرت بنانے کے لیے آرڈیننس لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان سے وزیرقانون فروغ نسیم اور وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے ملاقات کی جس میں بیرسٹر علی ظفر بھی شریک تھے۔وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ بچوں اور خواتین کے ساتھ زیادتی کے مجرموں کے خلاف سخت سزاؤں پر مشتمل قانون لایا جائے، ایسا قانون لائیں کہ متاثرہ خواتین یا بچے بلا خوف و خطر اپنی شکایات درج کرا سکیں۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قانون میں متاثرہ خواتین و بچوں کی شناخت کے تحفط کا خاص خیال رکھا جائے، ہم نے اپنے معاشرے کو محفوظ ماحول دینا ہے، زیادتی کے مجرموں کو سخت سزائیں دینے کا آرڈیننس آئندہ کابینہ اجلاس میں پیش ہونے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے قانون سازی کیلئے مزید وقت دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا زیادتی کے واقعات کی روک تھام ہر صورت یقینی بنانی ہوگی۔ سنگین نوعیت کے معاملے پر ایک لمحے کی تاخیر بھی نقصان دہ ہے۔ دن رات کام کریں‘ لیکن معاملے کو منطقی انجام تک پہنچائیں اور فاسٹ ٹریک مقدمات کے ذریعے انصاف فراہمی یقینی بنائی جائے۔ وفاقی حکومت نے زیادتی کے مجرموںکو سزا کیلئے آرڈیننس لانے کا فیصلہ کرتے ہوئے زیادتی کے شکار بچوں کی شناخت چھپانے سمیت مستقبل محفوظ بنانے کا واضح پلان لانے کی ہدایت کردی۔

مزیدخبریں