وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ حکومت پیر کو تمام اکائیوں کے اجلاس میں تجویز  پیش کرے گی کہ اسکول بند کر دیے جائیں

 وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ حکومت پیر کو تمام اکائیوں کے اجلاس میں تجویز  پیش کرے گی کہ اسکول بند کر دیے جائیں۔ملک بھر میں کورونا وائرس سے بڑھتی اموات اور کیسز میں اضافے کے پیشِ نظر وفاقی حکومت پیر کو تمام اکائیوں کے اجلاس میں تجویز پیش کرے گی کہ 25 نومبر سے اسکول بند کر دیے جائیں۔ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں  گفتگو کرتے ہوئے شفقت محمود کا کہنا تھا کہ تجویز ہے کہ کیمپس کے بجائے گھر  پر  پڑھائی شروع کی جائے۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ اسکول آئیں، بچے آن لائن پڑھیں اور جہاں آن لائن کا بندوبست نہیں وہاں بچے ایک دن اسکول آکر ہوم ورک لے جایا کریں۔علاوہ ازیں  وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا گیا کہ وزارت تعلیم اور ریڈیو پاکستان کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت ریڈیو کے ذریعے بچوں کی تعلیم کو فروغ دیا جائے گا۔شفقت محمود نے بتایا کہ ریڈیو اسکول کے تحت روزانہ 4 گھنٹے تعلیمی مواد نشر کیا جائے گا۔ریڈیو پاکستان پر تعلیمی مواد صبح 10 سے 12 بجے تک نشر کیا جائے گا جب کہ یہ پورے ہفتے دوپہر 2 سے 4 بچے رپیٹ بھی کیا جائے گا۔اس پروگرام کے حوالے سے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ اس پروجیکٹ کا انعقاد وزیراعظم عمران خان کے وژن کے عین مطابق کیا گیا ہے تاکہ کورونا وائرس کے دوران ملک کے ہر کونے تک لوگوں کو تعلیم فراہم کی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ اس سے قبل اپریل میں وزارت تعلیم اور پی ٹی وی کے اشتراک سے 'ٹیلی اسکول' لانچ کیا گیا تھا جس سے تقریبا 80 لاکھ بچے مستفید ہو رہے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت جلد ہی ای-ایجوکیشن پورٹل شروع کرنے کا بھی ارادہ رکھتی ہے جس کے ذریعے عوام صرف ایک کلک کے ذریعہ 'ٹیلی اسکول' اور 'ریڈیو اسکول' کے پروگراموں تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔

ای پیپر دی نیشن