لاہور + اسلام آباد (نیوز رپورٹر + خبر نگار) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے ترجمان حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ پورے ملک کو معلوم ہے کلبھوشن پاکستان کا دشمن ہے۔ 17نومبر کو کلبھوشن کی رہائی کیلئے قانون سازی کر کے عمران خان خود کلبھوشن کے وکیل بن گئے۔ آپ نے کلبھوشن کو این آر او دیا، جب قانون سازی متنازعہ ہو جائے تو ملک میں غیر متنازعہ انتخابات کیسے ممکن ہو سکتے ہیں؟۔ آپ نے الیکشن کمشن کی رائے کو نظرانداز کیا۔ اپوزیشن سے رائے نہیں لی گئی۔ کروڑوں ووٹروں کی توہین کی گئی۔ الیکشن کمشن نے انتخابی اصلاحات سمیت ای وی ایم پر 37اعتراضات اٹھائے ہیں۔ الیکشن کمشن آزاد ادارہ ہے آپ کے وزراء نے الیکشن کمشن کو دھمکیاں دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں بلال درانی اور اسامہ درانی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ حافظ حمد اللہ نے کہا کہ ساڑھے تین سال پہلے روپیہ کی قیمت بڑھ گئی۔ ڈالربڑھ گیا اس سے ثابت ہوتا ہے معیشت تباہ ہوگئی۔ مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے۔ قانون سازی کے میدان میں حکومت ناکام ہوچکی۔ سینٹ اجلاس میں ای وی ایم سمیت دیگر قانون سازی رولز کی خلاف ورزی کر کے ڈنڈے کے زور پر کی گئی، پی ڈی ایم اس قانون سازی کو مسترد کرتی ہے۔ اسلام آباد سے خبر نگار کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت سلیکٹیڈ امپورٹڈ، سیاسی خانہ بدوشوں اور زرخرید سیاسی لوٹوں کا ہجوم ہے ناکام حکومت ناکام حکمران ناکام سیاستدان ساڑھے تین سال سے قوم پر مسلط کیا گیا ہے۔ مولانافضل الرحمن کی سیاست کے بغیر پاکستان کی سیاست نامکمل ہے۔ حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ ساڑھے تین سال میں قوم اورملک کوحکومت نے تباہی بربادی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ قوم اور ملک کو نجات دلانے کا بیڑہ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے مولانا فضل الرحمن نے اٹھایا ہے۔ مولانا فضل الرحمن عمران خان اور انکی پوری ٹیم کیلئے ڈراؤنا خواب بن چکے ہیں۔
قانون سازی کر کے عمران کلبھوشن کے وکیل بن گئے: حافظ حمد اﷲ
Nov 22, 2021