لاہور(نوائے وقت رپورٹ) ریلوے ٹرین آپریشن برْی طرح متاثر ہونے کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت میں تاخیر معمول بن گئی۔ روز ٹرینیں لیٹ ہونے سے مسافروں کی مشکلات کم نہ ہوسکیں ۔ مسافر سردی میں ریلوے پلیٹ فارمز پر گھنٹوں اپنی ٹرین چلنے کا انتظار کرنے پر مجبور ہوگئے۔ لاہور، ملتان، کوئٹہ، راولپنڈی، کراچی اور پشاور کے درمیان چلنے والی متعدد ٹرینیں 5 سے 6 گھنٹے کی تاخیر کا شکار رہیں۔ کراچی سے لاہور آنے والی قراقرم ایکسپریس 6 گھنٹے تاخیر سے پہنچی اور روانہ ہوئی۔ بزنس ایکسپریس 4 گھنٹے، کراچی ایکسپریس 3 گھنٹے، کراچی اور پشاور کے درمیان چلنے والی خیبر میل ایکسپریس بھی 3 گھنٹے، سیالکوٹ اورکراچی درمیان چلنے والی علامہ اقبال ایکسپریس ڈھائی گھنٹے، لاہور اور کراچی کے درمیان چلنے والی فرید ایکسپریس بھی ڈھائی گھنٹے، راولپنڈی، ملتان اورکراچی کے درمیان چلنے والی تیز گام ایکسپریس ڈیڑھ گھنٹہ، کراچی اور پشاور کے درمیان چلنے والی عوام ایکسپریس ٹرین ڈیڑھ گھنٹہ گرین لائن اور جعفر ایکسپریس ٹرینیں بھی ڈیڑھ گھنٹہ، اس طرح لاہور اور کراچی کے درمیان براستہ فیصل آباد چلنے والی شاہ حسین ایکسپریس ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر کا شکار رہی۔ اس حوالے سے ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ٹیکنیکل وجوہات کی بنا پر ٹرینیں لیٹ ہورہی ہیں۔ جب کہ مسافروں کی مشکلات کا علم ہے ہماری کوشش ہے کہ ٹرینیں اپنے مقررہ وقت پر چلیں۔