لاہور/ قصور/ گوجرانوالہ/ قلعہ دیدار سنگھ/ لدھیوالہ وڑائچ/ حافظ آباد (نیٹ نیوز+ علاقائی نمائندوں سے) ملک کے بیشتر شہروں میں سردی میں اضافے کے ساتھ ہی گیس لوڈشیڈنگ شروع ہو گئی ہے۔ جس کے باعث گھریلو صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ کھانا پکانا دشوار ہو گیا۔ ایل پی جی اور لکڑی مہنگی ہونے سے شہری دہائیاں دے رہے ہیں۔ کراچی، پشاور،کوئٹہ، حافظ آباد، گوجرانوالا، ملتان، سکھر اور میرپور خاص اور دیگر علاقوں میں گیس کی قلت نے شہریوں کو بے حال کر دیا۔ گھریلو صارفین کے علاوہ ملک کے مختلف صنعتی علاقوں میں بھی گیس کی قلت سے پیداوار متاثر ہو رہی ہے۔ دوسری جانب صنعت کاروں نے کراچی میں انڈسٹریز کو گیس دستیابی کی صورتِ حال پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے معروف کاروباری شخصیت اور چیئرمین بزنس مین گروپ زبیر موتی والا نے کہا کہ آج کراچی کی صنعت کے لیے گیس نہیں، انڈسٹری حکومتی اقدامات سے بالکل مطمئن نہیں ہے۔ قصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق قصور اور گردونواح میں سردی آتے ہی گیس کی بندش شروع ہو گئی۔ شہر کے مختلف علاقوں میں کئی کئی گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہے۔ گیس کی قلت کی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ تبدیلی سرکار کے وعدے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ عوام کی چیخیں نکل رہی ہیں۔ قلعہ دیدار سنگھ‘ لدھیوالہ وڑائچ سے نامہ نگار‘ نمائندہ نوائے وقت کے مطابق قلعہ دیدار سنگھ لدھیوالہ وڑائچ کوٹ اسحاق مغل چک مدوخیل اور نوکھر میں گیس کی بندش کے بعد گھروں میں خواتین کو کھانا پکانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقد کے مطابق حافظ آباد میں سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ عروج پر پہنچ گئی۔ سارا سارا دن رات گیس بند رکھی جانے لگی۔ شہریوں نے سخت احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ سلسلہ ختم نہ ہوا تو شہری سڑکوں پر آنے پر مجبور ہوں گے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق موسم سرما کا آغاز ہوتے ہی گیس بحران شدت اختیار کرنے لگا۔ فیکٹری ایریاز اور آبادی والے علاقوں میں گیس نہ ہونے کی وجہ سے شہری پریشان ہیں۔ صنعتکاروں کا کہنا ہے کہ اگر یہ ہی صورتحال رہی تو بہت جلد فیکٹریاں بند ہونا شروع ہو جائیں گی۔ دوسری جانب سوئی سدرن نے کراچی میں گیس کی قلت پر بیان میں کہا ہے کہ ہزاروں گیزر کے آن ہونے سے گیس کی طلب میں اچانک اضافہ ہوا۔ بلوچستان میں سردیوں میں گیس کی اضافی مانگ ہے۔ اتوار کو سی این جی اور صنعتی سیکٹر کو گیس کی سپلائی بند کرنا پڑی۔
سردی کیساتھ گیس بحران شروع‘ کئی شہروں میں کھانا پکانا محال
Nov 22, 2021