متعدد وارداتیں‘ جوہر ٹاؤن‘ ڈاکٹر کے گھر ساڑھے 3 کروڑ کی ڈکیتی

Nov 22, 2021


لاہور (نامہ نگار) لاہور کے مختلف علاقوں میں ڈاکوئوں اور چوروں نے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے کروڑوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں رواں سال 2021ء کی سب سے زیادہ مالیت 3کروڑ 40لاکھ روپے کی ڈکیتی جوہر ٹاؤن کے علاقے جی ون میں ہوئی۔ پانچ ڈاکوؤں نے ڈاکٹر نسیم محمود چوہدری کے گھر گھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ یرغمال بنا کر تشدد کا نشانہ بنایا اور گھر سے ایک کروڑ روپے نقدی، ایک کروڑ 96 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات، چار ہیرے کی انگوٹھیاں اور قیمتی گھڑیاں لوٹ لیں اور فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کی تلاش کے لئے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد لی جا رہی ہے۔ جبکہ ڈاکوؤں نے ماڈل ٹاون کے علاقے میں ذیشان کے گھر گھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر 2لاکھ 80ہزار روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے۔ جنوبی چھاؤنی کے علاقے میں طارق یاسین سے ایک لاکھ 70ہزار روپے اور موبائل فون، باٹا پور کے علاقے میں فہیم سے گن پوائنٹ پر67ہزار روپے اور موبائل فون، مصطفی ٹاؤن کے علاقے میں رزاق 59ہزار روپے اور موبائل فون، ملت پارک میںاویس سے43ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا گیا۔ چوروں نے وحدت کالونی کے علاقے میں عرفان کے گھر سے 3لاکھ روپے مالیت کی نقدی اور دیگر سامان چوری کر لیا۔ چوروں نے چوہنگ اور گلبرگ کے علاقوں سے 2 کاریں، کوٹ لکھپت کے علاقے سے رکشہ جبکہ شاہدرہ، شاہدرہ ٹاؤن، شادمان، کوٹ لکھپت، مسلم ٹاؤن، مانگا منڈی، باٹا پور، ہئیر، لیاقت آباد، ساندہ، رائیونڈ سٹی، گلبرگ، ڈیفنسکے علاقوں سے 13موٹر سائیکلیں چوری کر لی ہیں۔

مزیدخبریں