اسلام آباد (خبر نگار) چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ بڑی مچھلیوں کے خلاف اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔ ان منی لانڈرنگ کرنے والوں نے فالودہ، چھابڑی اور پاپڑ والے کے نام پر منی لانڈرنگ کی متعلقہ معززاحتساب عدالتوں میں نیب نے بدعنوانی کے ریفرنس دائر کر رکھے ہیں۔جوقانون کے مطابق کسی بھی ملزم کو بے گناہ قرار دینے کی متعلقہ اتھارٹی ہیں، جو لوگ میڈیا میں اپنی بے گناہی کا دعوی کررہے ہیں۔ انہیں معزز احتساب عدالتوں میں روزانہ کی بنیاد پر اپنے خلاف دائر مقامات کی سماعت کی درخواست کرنی چاہئے جہاں قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔ نیب بے بنیاد میڈیا رپورٹس اور پروپیگنڈہ کو خاطر میں لائے بغیر قانون کے مطابق اپنا قومی فرض ادا کرتا رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ نیب تمام وسائل بروئے کار لا کر میگا کرپشن کیسز کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہے۔ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم میں ڈائریکٹر، ایڈیشنل ڈائریکٹر، انویسٹی گیشن آفیسر، لیگل کونسل، ریونیو اور مالیاتی امور کے ماہر شامل ہیں جس سے معیار میں بہتری آئی ہے۔ نیب نے اکتوبر 2017 سے اکتوبر 2021 تک بدعنوان عناصر سے 538 ارب روپے بلاواسطہ اور بلاواسطہ طور برامدکئے جو کہ گذشتہ سالوں کے مقابلہ میں بہترین کارکردگی ہے۔