ماہی گیری کا عالمی دن، ریگل چوک سے کراچی پریس کلب تک ریلی

کراچی (این این آئی)پاکستان فشر فوک فورم کی طرف سے 21نومبر کو ماہی گیری کے عالمی دن کے موقع پر گذشتہ روز ریگل چوک صدر سے پریس کلب کراچی تک ایک بڑی رنگا رنگ اور ثقافتی ریلی نکالی گئی۔ کراچی، ٹھٹہ، سجاول، بدین، عمرکوٹ، سانگھڑ، حیدرآباد، جامشورو، کشمور  و دیگر اضلاع سے سینکڑوں کی تعداد میں ماہی گیروں جن میں عورتوں اور بچوں کی بڑی تعداد شامل تھی نے قافلوں کی صورت میں پہنچ کر ریلی میں شرکت کی۔ ریلی کی قیادت پاکستان فشر فوک فورم کی چیئرپرسن یاسمین شاہ، سینئر وائیس چیئرمین سعید بلوچ، پاکستان فشر فوک فورم کے ضلعی عہدیداران سمیت سماجی رہنما و دیگر کر رہے تھے، جبکہ ماہی گیروں کے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ تھے اور وہ "بانی چیئرمین پاکستان فشر فوک فورم محمد علی شاہ کی ماہی گیروں کے حقوق کیلئے جدوجہد" کے نعرے بلند کرتے ہوئے آگے بڑھتے رہے، جبکہ رنگا رنگ و ثقافتی ریلی میں ماہی گیر جھنڈے لہراتے، گیت گاتے، رقص کرتے ہوئے ریگل چوک صدر سے پریس کلب کراچی پہنچے۔ اس موقع پر  ماہی گیروں کے ہجوم سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان فشر فوک فورم کی چیئرپرسن یاسمین شاہ نے کہا کہ آج یہ ماہی گیری کا عالمی دن "بانی چیئرمین پاکستان فشر فوک فورم محمد علی شاہ کی ماہی گیروں کے حقوق کیلئے جدوجہد" کے زیرعنوان منایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے سب سے پسماندہ طبقے ماہی گیر برادری کو محمد علی شاہ نے پاکستان فشر فوک فورم کے پلیٹ فارم سے ایک نئی پہچان دلاکر تاریخ رقم کردی۔ انہوں نے کہا کہ محمد علی شاہ نے ماہی گیروں کی قیادت کرتے ہوئے ان کے حقوق کے حصول کیلئے جیل کی اذیت بھگتنے سمیت بااثر افراد کی طرف سے اغوا ہونے کے بعد سخت تشدد کا نشانہ بھی بنے، لیکن ان کی ماہی گیروں سے محبت اور سچائی کو کوئی بھی ظلم اور جبر دبا نہیں سکا۔  انہوں نے کہا کہ پاکستان فشر فوک فورم نے ہر ظالم کے ظلم کا سامنا کیا ہے اور آج بھی ہم ماہی گیروں کے حقوق کے حصول کیلئے مضبوط حوصلہ رکھتے ہیں۔ پاکستان فشر فوک فورم کے سینئر وائس چیئرمین سعید بلوچ نے کہا کہ دنیا بھر میں پہلی مرتبہ ماہی گیری کا عالمی دن 21 نومبر 1998 کو منایا گیا۔ دنیا بھر میں اس دن کو ماہی گیروں کی طرف سے مختلف طریقوں سے منایا جاتا ہے، جس میں ریلیاں، عوامی جلسے، ورکشاپ، سیمینار، ثقافتی پروگرام، ڈرامے، گیت، رقص اور مظاہرے شامل ہیں۔ اس موقع پر پاکستان فشر فوک فورم کے ضلعی رہنماں نور محمد تھیمور، نبی بخش ملاح، رسول بخش ملاح، رمضان ملاح، عبدالمجید ملاح، محمد ملاح، اسحاق میرانی سمیت سماجی رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔
ماہی گیری 

ای پیپر دی نیشن