کمانڈر قطر امیری نیول فورسز اسٹاف میجر جنرل عبداللہ بِن حسن الصلیطی نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ملاقات کی۔
نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ نے کمانڈر قطر امیری نیول فورسز کا استقبال کیا۔ پاک بحریہ کے چاک و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ معزز مہمان کا نیول ہیڈکوارٹرز میں تعینات پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے تعارف کرایا گیا۔
علاوہ ازیں، نیول چیف نے کمانڈر قطر امیری نیول فورسز سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بشمول دو طرفہ دفاعی تعاون اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نیول چیف نے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرولز کے ذریعے خطے میں بحری سیکیورٹی اور امن کو یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ کمانڈر قطر امیری نیول فورسز نے خطے میں مشترکہ میری ٹائم سیکیورٹی کی حمایت میں پاک بحریہ کی کوششوں اور عزم کو سراہا۔ بعدازاں، کمانڈر قطر امیری نیول فورسز کو پاک بحریہ کے کردار اور آپریشنل صلاحیتوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔امید کی جاتی ہے کہ کمانڈر قطر امیری نیول فورسز کا حالیہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان بالعموم اور بحریہ کے درمیان بالخصوص دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دے گا۔