ہیڈ کانسٹیبل عہدوں پر ترقی پانے والے اہلکاروں کو پروموشن بیجز لگانے کی تقریب 

Nov 22, 2022


لاہور(نامہ نگار)ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں گز شتہ روز کانسٹیبل سے ہیڈ کانسٹیبل کے عہدوں پر ترقی پانے والے پولیس اہلکاروں کو پروموشن بیجز لگانے کی تقریب منعقد ہوئی۔سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر، ڈی آئی جی انوسٹی گیشن اطہر اسماعیل،ایس ایس پی ایڈمن عاطف نذیر،ایس پی ہیڈ کوارٹرز محمد عبداللہ لک سمیت سینئر پولیس افسران نے تقریب میں شرکت کی۔سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے ترقی پانے والے پولیس اہلکاروں کو اگلے عہدے کے پروموشن رینک لگائے۔کانسٹیبل رینک سے ہیڈکانسٹیبل پروموٹ ہونے والے 182 پولیس اہلکاروں کو ترقی کے بیجز لگائے گئے۔ترقی پانے والوں میں آپریشنز ونگ کے 95،انوسٹی گیشن کے 33، سکیورٹی ڈویژن کے10، پنجاب کانسٹیبلری کے 34،دیگر یونٹس کے 7 جوان جبکہ 10 لیڈی پولیس اہلکاروں سمیت ڈولفن سکواڈ اور ایلیٹ فورس کے جوان شامل ہیں۔سی سی پی او غلام محمود ڈوگر نے ترقی پانے والے پولیس اہلکاروں کو مبارکباد دی اور شہریوں کی بھلائی اور خیر کے لئے کام کرنے کی ہدایت کی۔ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر نے کہاکہ بروقت ترقی ہر آفیسر کا بنیادی حق ہے۔ترقی ملنے سے افسران اور اہلکاروں کی کارکردگی میں مزید بہتری اور نکھار پیدا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عہدہ بڑھنے سے ذمہ داریوں میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ترقی پانے والے پولیس افسران بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرکے شہریوں کیلئے آسانیاں پیدا کریں گے۔سی سی پی او لاہور نے مزید کہا کہ لاہور پولیس میں ترقیوں کا عمل باقاعدگی سے جاری ہے اور مربوط پروموشن سسٹم کے تحت آئندہ ایک ماہ میں مزید افسران اور اہلکاروں کو ترقی دی جائے گی۔غلام محمود ڈوگر نیپولیس افسران اورجوانوں کو ہدایت کی کہ وہ مزید ترقی کے لئے محکمانہ کورسسز باقاعدگی سے مکمل کریں۔انہوں نے کہا کہ پولیس سٹیشن میں ایس ایچ او  کے بعد ہیڈ کانسٹیبل کا کلیدی کردار ہے کیونکہ ہیڈ کانسٹیبل ز محرر اور نائب محرران کی حیثیت سے سب سے زیادہ پبلک ڈیلنگ کرتے ہیں۔ہیڈ کانسٹیبلز سائلین کے ساتھ عزت سے پیش آئیں اور انہیں انصاف دیں۔شہریوں کی بھلائی اور خیر کیلئے مزید دلجمعی سے محنت کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیس افسران اور اہلکار بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرکے شہریوں کیلئے آسانیاں پیدا کریں۔سربراہ لاہور پولیس نے کہا کہ دوران ملازمت  ہمیشہ شفاف کردار اپنائیں کیونکہ بدعنوانی اور اختیارات سے تجاوز پر ملنے والی سزائیں ان کی محکمانہ ترقی میں بڑی رکاوٹ بن جاتی ہیں۔غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ کسی بھی رینک کے ماتحت افسران اور اہلکار محکمانہ اورذاتی مسائل کے حل کیلئے بلاجھجک ان کے دفتر آئیں، وہ ہمہ وقت دستیاب ہوں۔ترقی پانے والے اہلکاروں کو لاہور پولیس کی طرف سے ظہرانہ بھی دیا گیا۔

مزیدخبریں