راولپنڈی(جنرل رپورٹر) ضلعی دفتر بہبود آبادی راولپنڈی اور یو این ایف پی اے کے تعاون سے علماء سیمینار اور کنونشن کا انعقاد کیا گیا ، صدارت اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر شبانہ نذیر نے کی، ضلعی آفیسر بہبود آبادی راولپنڈی شیریں سخن نے کہا کہ بہبود آبادی پروگرام علماء کی شرکت کے بغیر نامکمل ہے ان کی رہنمائی اور ان کی مدد سے ہی ہم عوام میں اس پروگرام بارے نہ صرف آگاہی پہنچا سکتے ہیں بلکہ جو غلط فہمیاں ہیں ان کو دور کیا جا سکتا ہے، ہمیشہ سے ہی علماء نے ہماری رہنمائی کی اور عوام میں اس پروگرام کے بارے میں شعور و آگاہی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں،ڈسٹرکٹ خطیب علامہ اقبال رضوی نے کہا کہ بہبود آبادی پروگرام کے بارے میں عوام کو آگاہی اور شعور پہنچانے میںعلماء کا اہم کردار ہے، حمزہ مصطفائی نے کہا کہ پاکستان میں بڑھتی ہوئی آبادی بہت سے مسائل پیدا کر رہی ہے اس پر قابو پانے کیلئے ضروری ہے کہ محکمہ آبادی پروگرام پر عملدرآمد کرنے کیلئے شعور و آگاہی پہنچائی جائے،اسسٹنٹ کمشنر شبانہ نذیر نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔