اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت )نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس نے موسم کی تبدیلی کے ساتھ نومبر سے فروری کے دوران دھند شروع ہونے کے پیش نظر موٹر وے صارفین کو دوران سفر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے خصوصی ایڈوائزری جاری کر دی۔ ترجمان نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کی طرف سے جمعرات کو ایک خصوصی ویڈیو پیغام جا ری کیا گیا ہے اور ایف ایم ریڈیو کے ذریعے بھی خصوصی آگاہی دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا دھند کے دوران گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور سفر کے آغاز سے قبل موٹر وے پولیس ہیلپ لائن 130 یا یف ایم ریڈیو پر دی جانے والی ایڈوائزری پر سختی سے عمل کریں۔ ترجمان نے کہا کہ شدید دھند میں جب حد نگاہ صفر ہونیکی صورت میں موٹر ویز کے متاثرہ حصووں کو کچھ دیر کے لئے بند بھی کر دیا جاتا ہے۔ مسافر پریشانی سے بچنے کے لئے موٹر وے کی ٹریفک ایڈوائزری یا ہیلپ لائن پرضرور رابطہ کرلیں۔ دوران سفر اگلی گاڑی سے مناسب درمیانی فاصلہ رکھیں۔