کراچی (این این آئی)کراچی میں بلدیاتی انتخابات کب تک ہوں گے الیکشن کمیشن اس حوالے سے محفوظ کیا گیا فیصلہ (آج) سنائے گا۔تفصیلات کے مطابق سندھ میں دوسرے مرحلے میں کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات کئی بار ملتوی ہوچکے ہیں اب الیکشن کمیشن اس حوالے سے منگل کو فیصلہ سنائے گا کہ شہر قائد میں بلدیاتی الیکشن کب تک ہوں گے۔ الیکشن کمیشن نے یہ فیصلہ 15 نومبر کو محفوظ کیا تھا۔اس سے قبل سندھ ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے بلدیاتی انتخابات کے التوا کے خلاف جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو دو ماہ میں کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا حکم دے چکی ہے۔سولہ صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جسٹس محمد علی سعید نے لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمے داری ہے اسے ڈکٹیٹ نہیں کیا جاسکتا، لیکن الیکشن کمیشن کو لوکل ایڈمنسٹریشن اور شہریوں کے حقوق کے مطابق ہی عمل کرنا چاہیے۔ عوام کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کا اختیار ہے۔عدالتی فیصلے میں الیکشن کمیشن کو گائیڈ لائین دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن 15 دن کے اندر 3 دسمبر تک کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کرے۔ بلدیاتی الیکشن کی تاریخ 2 ماہ کے اندر اندر ہونی چاہیے اور اس سے متعلق 60 روز میں اقدامات مکمل کرے۔