30 دسمبر کو انٹرا پارٹی الیکشن کرالیں گے ، ن لیگ کی الیکشن کمشن کو یقین دہانی 

Nov 22, 2022

 اسلام آباد(آئی ا ین پی ) مسلم لیگ ن نے الیکشن کمیشن کوآئندہ ماہ انٹرا پارٹی انتخابات کرانے کی یقین دہانی کرادی۔ ممبر نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی الیکشن کمشن نے مسلم لیگ ن میں انٹرا پارٹی انتخابات کے معاملے کی سماعت کی، جس میں ن لیگ کے وکیل سے سوال کیا گیا کہ آپ انٹرا پارٹی الیکشن کیوں نہیں  کروا رہے؟۔ جواب فائل کریں جس میں انٹرا پارٹی الیکشن میں تاخیر کی وجوہات لکھی ہوں۔ ن لیگ کے وکیل نے الیکشن کمشن کو بتایا کہ ہم نے اس ہفتے پارٹی کا انٹرا پارٹی  الیکشن کرانا تھا، لیکن وزیر اعظم کو کرونا ہو گیا۔ اب پارٹی کا 30 دسمبر کو یوم تاسیس اور مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس رکھا ہوا ہے۔ وکیل نے یقین دہانی کرائی کہ 30 دسمبر کو لازمی انٹرا پارٹی الیکشن کرا لیں گے۔ الیکشن کمشن نے وکیل کی جانب سے یقین دہانی کے بعد کیس کی آئندہ سماعت 5  جنوری تک ملتوی کر دی۔ واضح رہے کہ الیکشن کمشن نے گزشتہ سماعت پر  انٹرا پارٹی الیکشن نہ کروانے پر شہباز شریف اور احسن اقبال کو شو کاز نوٹس جاری کیا تھا۔

مزیدخبریں