بیجنگ‘ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + خبر نگار) چین میں کرونا کے کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور مزید 2 افراد اس بیماری کے نتیجے میں ہلاک ہوگئے ہیں۔ اس سے قبل 20 نومبر کو بیجنگ میں کرونا وائرس میں مبتلا 87 سالہ معمر شخص زندگی کی بازی ہارگیا تھا جو مئی 2022ء کے بعد کووڈ سے پہلی ہلاکت تھی۔ چائنا نیشنل ہیلتھ کمشن کے مطابق 81 سالہ خاتون اور 88 سالہ شخص اس بیماری سے ہلاک ہوئے۔ کمشن نے بتایا کہ دونوں میں کووڈ کی علامات کی معتدل شدت کی تشخیص ہوئی تھی مگر وہ پہلے سے مختلف امراض کا سامنا کر رہے تھے۔ چین میں حالیہ ہفتوں کے دوران کرونا وائرس کی زیادہ تیزی سے پھیلنے والی نئی اقسام کے باعث کیسز کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ دوسری طرف قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران 5ہزار 435 کرونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے17 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں، اس طرح اس مدت میں کرونا ٹیسٹ کی مثبت شرح 0.31 فیصد رہی ہے۔ مزید برآں اس دوران کرونا وائرس سے کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ42 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
چین میں کرونا پھر تیزی سے پھیلنے لگا،27ہزار نیء کیسز،2افراد ہلاک
Nov 22, 2022