بلال یاسین قاتلانہ حملہ کیس ،نامزد دو ملزموں کے وارنٹ گرفتاری جاری  

Nov 22, 2022


لاہور ( این این آئی) انسداد دہشت گردی  کی خصوصی عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و سابق صوبائی وزیر بلال یاسین پر قاتلانہ حملے کے کیس میں نامزد دو ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے تمام ملزمان کو یکم دسمبر کو فرد جرم کیلئے طلب کر لیا ۔ انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی۔عدالت نے ملزم میاں حسیب وکی سمیت دو ملزمان کے پیش نہ ہونے پر ورانٹ گرفتاری جاری کر دیئے ۔عدالت نے مزید سماعت یکم دسمبر تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر  تمام ملزمان کو فرد جرم کے لیے طلب کرلیا۔اس سے قبل عدالت میں پیش کی گئی تفتیشی رپورٹ کے مطابق بلال یاسین پر قاتلانہ حملہ31دسمبر 2021ء میں ہوا تھا، بلال یاسین گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گئے تھے جنہیں طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، ملزمان کیخلاف تھانہ داتا دربار میں چار دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں۔چالان میں 8ملزمان نامزد ہیں جن میں میاں حسیب حامد عرف وکی، اسد حامد،حامد محمود ،حملہ کرنے والا شوٹر ماجد حسین ،قاصد عرف کاشی ،ذولفقار عرف بھائی ،معروف علی عرف پپو ،محسن منظور شامل ہیں، کرائے کے قاتل شوٹر ماجد حسین اور قاصد عرف کاشی جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں،چالان میں میاں حسین وکی بلال یاسین حملہ کیس میں ماسٹر مائنڈ قرار دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں