ڈاکٹر پنجوانی سینٹر کی ڈی این اے لیب کے لیے 18کروڑکی گرانٹ

Nov 22, 2022


کراچی (نیوز رپورٹر) جدید سندھ فرانزک ڈی این اے اور سیرولوجی لیبارٹری (ایس ایف ڈی ایل)، جامعہ کراچی میں سبک رفتاری سے آپریشن جاری رکھنے کے لیے محکمہء صحت حکومتِ سندھ نے ڈاکٹر پنجوانی سینٹر فار مالیکولر میڈیسن اینڈ ڈرگ ریسرچ جامعہ کراچی کو 18کروڑ31 لاکھ روپے کی آپریشن گرانٹ دی ہے۔  بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق اس سلسلے میں محکمہء صحت سندھاور آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی کے تحت چلنے والے معروف تحقیقی ادارے ڈاکٹر پنجوانی سینٹر جامعہ کراچی  کے درمیان ایک معاہدے پر دستخظ ہوئے ہیں۔ معاہدے پر دستخط صوبائی وزیرِصحت ڈاکٹر عزرا پیچو ہوکی زیرِصدارت اْن کے دفتر میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران ہوئے۔ آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری اور سیکریٹری سندھ برائے صحت ذوالفقار علی شاہ نے اس معاہدے پر دستخط کیے، تقریب میں سرپرستِ اعلیٰ بین الاقوامی مرکز اور سابق وفاقی وزیر برائے سائینس اور ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن سمیت بین الاقوامی مرکز کے پروفیسر ڈاکٹر محمد رضا شاہ، ڈاکٹر اشتیاق احمد، ڈاکٹر شکیل احمد، جاوید ریاض و دیگر آفیشل موجودتھے۔ صوبائی وزیرِصحت ڈاکٹر عزرا پیچوہو نے تقریب سے خطاب میں دونوں حصہ داروں کو اس معاہدے پر دستخط کرنے پر مبارکباد پیش کی، انھوں نے کہا اس معاہدے سے سندھ فرانزک ڈی این اے اور سیرولوجی لیبارٹری کی تیکنیکی اعتبار سے مزید صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔ پروفیسر اقبال چوہدری نے بھی صوبائی وزیرِصحت، سیکریٹری صحت و دیگر آفیشلز کو مبارکباد دی اوراْن کی اس جدید تجربہ گاہ کی تعمیر و ترقی میں کلیدی کردار ادا کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

مزیدخبریں