کراچی(نیوز رپورٹر)پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے چیف آرگنائزر طارق چاندی والانے کے ڈی اے کانٹریکٹ ملازمین کو بے روزگار کرنے کے اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ سرکاری اداروں میں مقامی نوجوانوں کو بے روزگار کرنے کا عمل ان ملازمین کے ساتھ سنگین ظلم ہے۔ پاسبان کانٹریکٹ ملازمین کے گھروں کے چولہے بجھنے نہیں دے گی۔مستقلی طویل عرصہ سے کام کرنے والے کانٹریکٹ ملازمین کا حق ہے، انہیں اس حق سے محروم نہیں ہونے دیں گے۔ اداروں میں میرٹ پر نہیں بلکہ وزراء اور افسران کے سالے سالیوں،چچا ماماؤں کے بچوں کی بھرتیاں کی گئیں۔ کوٹہ سسٹم نے نوجوانوں پر روزگار کے دروازے بند اورظلم و زیادتی کرنے کے دروازے کھول دیئے ہیں۔ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی تمام سرکاری اداروں میں طویل عرصہ سے کام کرنے والے کا نٹریکٹ ملازمین کو متحد کرکے ان کے حق کے لئے تحریک چلائے گی