کراچی(نیوز رپورٹر) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کی سیاسی چپقلش سے ملک میں عدل استحکام اور معاشی صورتحال کو شدید نقصان پہنچا ہے، حکومت اور اپوزیشن اقتدار کی جنگ کی بجائے عوام کے مسائل حل کرنے اور معاشی استحکام کیلئے کام کرتے تو ملک ترقی کی جانب گامزن ہوتا ، اقتدار کی حوس کے شکاریوں نے ملک کو دلدل میں دھکیل دیا ہے ، حکمرانوں کی منفی پالیسیوں نے قوم کو معاشی پریشانی میں مبتلا کر کے ملک کو بحرانوں کے سامنے کھڑا کردیا ہے غریب عوام کو حکومتی سطح پر کوئی ریلیف فراہم نہیں کیا جارہا صرف دعووں سے کام چلایا جارہا ہے ، ملک کی معیشت کو مضبوط و مستحکم نہیں بنایا گیا تو مزید حالات پیچیدہ اور خانہ جنگی کی صورتحال ہوسکتی ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت سے جاری ایک بیان میں کیا ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ ملک میں سیاسی استحکام کو فروغ اور عوامی ایشوز کو حل کر کے ہی تعمیر و ترقی کی جانب ہی گامزن ہوا جاسکتا ہے ، ملک کے معاشی حالات پر الزام تراشی کی بجائے سیاسی و مذہبی جماعتیں مثبت کردار ادا کریں ،عوامی و قومی ایشوز کے حل کیلئے کل جماعتی کانفرنس بلا کر حکومت مشترکہ اور متفقہ پالیسی مرتب کرے ، انہوں کا کہنا تھا کہ سیاست سے تشدد اور گالم گلوچ کو نکال کر عوام کی حقیقی خدمت کو شعار بنانا ہوگا ، انہوں کامزید کہنا تھا کہ نئی نسل کو آگے لانے کیلئے حکومت مواقع فراہم کرے ،نوجوانوں کو نوکریاں فراہم کی جائیں ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے ہر شعبہ ہائے زندگی میں آگے بڑھنے دیا جائے ، نئی نسل ہی ہماری مستقبل کی معمار اور ملک کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کی روشنی کی کرن ہے ۔