کراچی(نیوز رپورٹر) امیرجماعت اسلامی سندھ سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ ملک میں سیاست گالم گلوچ اورتجارتی مقاصد کیلئے کی جارہی ہے،عوام کو رلیف دینے کیلئے اقتدار میں آنے والی موجودہ حکومت نے عام آدمی کو مہنگائی کی سونامی میں غرق کردیا ہے،اے پی ڈی ایم والے امریکی اور آئی ایم ایف کی غلامی میں پی ٹی آئی سے
بھی آگے نکل چکے ہیں، ملک میں سیاسی،معاشی اور تعیناتی بحران ہے جس کی وجہ سے پورا نظام جام ،عوام مشکلات سے دوچار اور ملک کی سلامتی دائو پر لگ چکی ہے،حکومت اور حزب مخالف ہوش کے ناخن لیں اور ایک دوسرے کو دھمکیاں دینے کی بجائے موجودہ بحران کو مذاکرات سے حل کیا جائے جماعت اسلامی دونوں فریقوں میں صلح کرانے کیلئے تیار ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مدرسہ تفہیم القرآن میں اسلامی جمعیت طلبہ سندھ کی جانب سے منعقدہ تین روزہ ’’تعمیر ت کیمپ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر صوبائی نائب امیر حافظ نصراللہ چنا،ڈپٹی جنرل سیکریٹری علامہ حزب اللہ جکھرو اور ناظم اسلامی جمعیت طلبہ سندھ مرزا نعمان بیگ نے بھی خطاب کیا۔محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ طلباء موجودہ نفسا نفسی کے دور میں اسلامی جمعیت طلبہ کے پلیٹ فارم سے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں لبرل،سیکولر تنظیموں کا مولانا مودودیؒ کے لٹریچر کے ذریعے مقابلہ کررہے ہیں جو بہت بڑا کام ہے، لٹریچر میں سید مودودیؒ ہمارے لئے رول ماڈل ہیں ان کی دعوت کو عام کرنے کی ضرورت ہے ،نوجوان نسل تک تحریک کی دعوت پہنچانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔نوجوان مستقبل کے قائد ہیں ہمارا مستقبل آپ جوانوں کے ہاتھوں میں ہے،معاشرے کے اندر نوجوانوں کی کثیر تعداد موجود ہے جنہیں اسلامی جمعیت طلبہ کے پلیٹ فارم پر متحد کرنے کی ضرورت ہے ،جمعیت کا ہر نوجوان قائد ہے اسلئے نوجوانوں کے مسائل کو حل کرنا آپ پر فرض ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے میں بے راہ روی،فحاشی عریانی کا سیلاب ہے جس کے آگے بندھ باندھنے کی اشد ضرورت ہے نوجوانوں سب سے زیادہ مغربی تہذیب کا نشانہ ہیں شیطانی تہذیب کا کام ہی یہ ہے کہ وہ ہمارے مستقبل کے معماروں کو اپنے اصل مقاصد سے ہٹاکر بے راہ روی اور بیہودگی میں غرق کردے،تعلیمی اداروںمیں منشیات ،بیہودہ پروگرامات اسی مقصد کا حصہ ہیں اسلئے اسلامی جمعیت طلبہ کے نوجوانوں کو ہر وقت اپنے سامنے مولانامودودیؒ کے بتائے ہوئے عظیم مقصد کو سامنے رکھتے ہوئے دین کی سربلندی اور پاکستان کو اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان بنانے کیلئے تحریک کے ہر اول دستے کا کردار ادا کرنا چاہئے۔ملک مشکلات کے خطرناک بھنور میں پھنس چکا ہے اور حکمران اپنے مفادات اورتحفظات کی جنگ میں مصروف ہیں، اقتدار کی اس جنگ میں 22کروڑ عوام کی زندگی اجیرن ،معیشت تباہ ،روپے کی قدر میں مسلسل کمی،کروڑوں لوگ سیلاب سے بے گھر اور بے سروسامانی میں پڑے ہوئے ہیں لیکن حکومت نے تین ماہ گذرنے کے باوجود ابھی تک کوئی ایکشن پلان تشکیل نہیں دیا ہے جس سے ان کی بے حسی اور نااہلی کھل کر سامنے آگئی ہے،زمینی اور آسمانی آفات سے نبٹنے کیلئے پیش بندی کی جاتی تو ایسی مصیبت ہرگز نہ آتی،حکمرانوں کی سیاست جھوٹ پر مبنی ہے ،آزمائے ہوئے لوگوں کو بار بار آزمانہ دانشمندی نہیں ہے اسلئے سندھ کے عوام اب نااہل اور کرپٹ وڈیروں سے نجات کیلئے آئندہ الیکشن میں جماعت اسلامی کی قیادت کو منتخب کرکے آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ اور ملک کو مسائل سے نجات دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کرکے باب الاسلام سندھ کے حقیقی فرزند ہونے کا ثبوت دیں ۔
ملک مشکلات کے خطرناک بھنور میں پھنس چکا ،محمد حسین محنتی
Nov 22, 2022