کراچی (نیوز رپورٹر) کراچی اسکول آف بزنس اینڈ لیڈرشپ (KSBL) نے حال ہی میں اپنے قیام کی 10ویں سالگرہ کے موقع پر ایم بی اے، ایگزیکٹو ایم بی اے اور ایم ایس بزنس اینالیٹکس پروگرامز میں فارغ التحصیل طلباء کیلئے تقسیم اسناد کی تقریب کا انعقاد کیا ۔ اِس یادگارتقریب میں کے ایس بی ایل کے بانی و چیئرمین، حسین داؤد، بورڈ آف گورنرز کے ممبران ، بورڈ آف ٹرسٹیزکے ممبران ، گریجویشن کرنے والے طلباء اور ان کے اہل خانہ اور فیکلٹی ممبران نے بھی شرکت کی۔اسکول کے بانی و چیئرمین، حسین داؤد نے حاضرین کو مبارکباد پیش کی اورگریجویشن کرنے والے طلباء کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ مزید سیکھنے کا عمل جاری رکھیں اور مستقبل میں اپنی کوششوں میں عاجزی اختیار کرتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں ۔ طلباء کی کامیابیوں پر مبارکباد دیتے ہوئے اور اُنھیں معاشرے کی بہتری کیلئے ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھانے کی ترغیب دیتے ہوئے تقریب کے کلیدی مقرر اور انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر، ڈاکٹر عبدالباری خان نے خدمت خلق اور انسان دوستی کے حوالے سے اپنی زندگی کا سفر بیان کیا۔ اسکول کے ریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر، مبشر حمید نے KSBLسے گریجویشن کرنے والے تمام طلباء کو سراہتے ہوئے کہا کہ’’مجھے اپنے فارغ التحصیل ہونے والے تمام طلباء کی کامیابیوں پر فخر ہے ، اس پرمسرت موقع پر میں آپ کے جوش و جذبے اور مستقبل کی مزید کامیابیوں پر آپ کی خوشی میں برابر کا شریک ہوں۔آپ کایہ تعلیمی ادارہ ، آپ کے اگلے اقدامات اور آپ کے عزائم میں آپ کے ساتھ ہے۔آپ پاکستان کا مستقبل ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ ہم نے آپ کو حقیقی قیادت کی روشن مثال بننے کے لیے تیار کیا ہے۔