لاہور ( سپورٹس ڈیسک ) فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کے زیر اہتمام 22 ویں ورلڈ کپ فٹبال ٹورنامنٹ میں آج مزید چار میچ کھیلے جائیں گے۔فٹ بال ورلڈ کا عالمی میلہ قطر میں سج چکا ہے جس میں دنیائے فٹ بال کی 32 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں۔ میگا ایونٹ میں شائقین فٹبال کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے،فٹبال ٹورنامنٹ میں آج کھیلے جانے والے پہلے میچ میں گروپ بی ٹیمیں امریکا اور ویلز احمد بن علی سٹیڈیم، الریان میں آمنے سامنے ہوں گی، دوسرا میچ گروپ سی کی ٹیموں ارجنٹائن اور سعودی عرب کیدرمیان فٹ بال سٹیڈیم ،لوسیل میں کھیلا جائے گا، تیسرے میچ میں گروپ ڈی کی ٹیمیں ڈنمارک اور تیونس ایجوکیشن سٹی سٹیڈیم ، الریان میں نبرد آزما ہوں گی جبکہ اسی روز کے چوتھے میچ میں گروپ سی کی ٹیمیں میکسیکو اور پولینڈ سٹیڈیم 974 دوحہ میں پنجہ آزمائی کریں گی،فرانس کی ٹیم میگا ایونٹ میں ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ میگا ایونٹ میں شامل 32 ٹیموں میں میزبان قطر ، برازیل، بیلجیم،دفاعی چیمپئن فرانس، ارجنٹائن، انگلینڈ، سپین، پرتگال، میکسیکو، ہالینڈ ،ڈنمارک، جرمنی، یوراگوئے، سوئٹزر لینڈ، امریکا، کروشیا، سینیگال، ایران، جاپان، مراکش، سربیا، پولینڈ، جنوبی کوریا ،تیونس ، کیمرون، کینیڈا، ایکواڈور، سعودی عرب، گھانا، ویلز، کوسٹا ریکا اور آسٹریلیا شامل ہیں۔ان 32 ٹیموں کو 8 مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے،میگا ایونٹ کاپری کوارٹر فائنل رائونڈ 3سے 6دسمبر تک کھیلا جائے گا جس کے بعد کوارٹر فائنل مرحلہ 9دسمبر سے شروع ہوگا ۔جو 10 دسمبر کو ختم ہوگا، اس کے بعد میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل 13 جبکہ دوسرا سیمی فائنل میچ 14 دسمبر کو کھیلا جائے گا، تیسری پوزیشن کے لئے میچ 17 جبکہ فائنل میچ 18 دسمبر کو لوسیل آئیکونک سٹیڈیم، لوسیل میں کھیلا جائے گا۔