پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کی یورپی ایسوسی ایشنز کے آفیشلز سے ملاقات 

لاہور ( سپورٹس رپورٹر) پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کی یورپی ایسوسی ایشنز کے آفیشلز سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور زیر غور آئے،اس موقع پر فٹبال کی دنیا میں نمایاں مقام رکھنے والے ملکوں جرمنی، نیدرلینڈز اور بیلجیئم کی جانب سے پاکستان فٹبال کو تکنیکی سپورٹ کی فراہمی کے امکانات پر غور کیا گیا، قطر میں قائم یورپین یونین ڈیلیگیشن آفس میں ہونے والی میٹنگ میں جرمن فٹبال کی جنرل سیکرٹری ہائک الرچ، رائل بیلجیئن فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر وان ڈین بلک اور رائل نیدرلینڈز فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر جسٹ سپی موجود تھے، پی ایف ایف کی نمائندگی نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک، ارکان شاہد نیاز کھوکھر اور سعود ہاشمی نے کی،پاکستانی وفد نے میٹنگ کے شرکائکو فٹبال کی صورتحال،عوام کے اس کھیل سے لگائواور ملک میں موجود بے پناہ ٹیلنٹ سے آگاہ کیا،پاکستان میں ویمنز فٹبال اور ایجوکیشن پروگرامز خاص طور پر زیر غور آئے۔ہارون ملک نے کہا ہے کہ فٹبال کی بڑی طاقتوں میں شمار ہونے والے ان ملکوں سے ہمیں بہت کچھ سیکھنے سمجھنے اور کھیل میں بہتری لانے کا موقع مل سکتا ہے،میٹنگ کے شرکاء نے پاکستان فٹبال میں گہری دلچسپی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بہتر مستقبل کیلئے ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کی حامی بھری ہے،عالمی برادری کے ساتھ مضبوط تعلقات سے ہی ملکی فٹبال کو بہتری کی جانب گامزن کرنے کیلئے نئی راہیں کھلیں گی۔

ای پیپر دی نیشن