کلر سیداں (نامہ نگار)پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان نے کہا ہے کہ ہم نے یتیم خانے کا تصور دفن کر دیا،مخلوق خدا کی خدمت ہی ہماری زندگی کا اصل مقصد ہے۔یہاں کے بچے نجی سکول میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کلر سیداں کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،سابق رکن بلدیہ عابد حسین زاہدی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست کو خیر آباد کہہ کر اس ادارے کا انتخابات کیا ہے جس میں اللہ نے میری مدد کی اور یتیم بچوں کو چھت فراہم کرنے میں کامیاب ہوا ہوں۔انہوں نے کہا کہ تمام لوگوں سے مشاورت کے بعد ہم نے پاکستان سویٹ ہوم کا نام منتخب کیا اور آج یہ ادارہ اپنے مقاصد پر عمل پیرا ہے۔ وہ بعد ازاں نواحی گاؤں منیاندہ بھی گئے جہاں انہوں حال ہی میں ہانگ کانگ کی حکومت سے اعلی سول ایورڈ ملنے پر قمر الزمان منہاس کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ قمر الزمان اپنی سماجی و دینی خدمات سے بیرون ملک جہاں پاکستانی کمیونٹی کی خدمت کر رہے ہیں وہاں وہ اسلام کا صحیح چہرہ بھی متعارف کروا رہے ہیں۔ سجادہ نشین دربار عالیہ موہڑہ شریف پیر محمد مجتبی فاروق گل بادشاہ نے اجتماعی دعا کروائی جس میں الحاج محمد شریف نقشبندی،صاحبزادہ عاصم شریف،سابق ایم پی اے کرنل شبیراعوان،حاجی احمد سعید،حاجی اسلم بانی،حاجی ابرارحسین،نثارکیانی،ماسٹر طارق منہاس، توقیر اسلم اور دیگر نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔