چند ماہ قبل معروف فلاحی و کاروباری شخصیت جناب طارق حمید فضل کے وصال پر ایون صنعت و تجارت لاہور میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس میںمعروف سماجی رہنما جناب عبدالرزاق ساجد صاحب نے ایک اہم سماجی اور معاشرتی رویے کی طرف توجہ دلوائی کہ جب عام مستحق آدمی مفت علاج کے لیے سرکاری ہسپتال یا کسی ٹرسٹ کے زیر اہتمام چلنے والے ہسپتال میں جاتا ہے تو بڑی بے دردی سے مرحلہ وار اسکی عزت نفس کو مجروح کرنے کا سامان کیا جاتا ہے۔پہلے مرحلے میں اس پر غریب ہونے کا لیبل لگایا جاتا ہے ۔پھر اسکے ہاتھ میں زکوٰةفارم پکڑایا جاتا ہے ۔پر کرنے کے بعد چئیرمین زکوٰة کمیٹی ،جو اکثر محلے کا ”چوہدری“ ہوتا ہے، سے دستخط اور مہر لگوانے کا کہا جاتا ہے۔اسکے بعد اسکے علاج کیلئے دیگر مریضوں سے الگ ایسے نظام سے گزارا جاتا ہے جو اتنا مشکل اورافسوس ناک ہے کہ سفید پوش مریض بیماری کے ہاتھوں مر جانے کی تمنا کرتا ہے۔ راقم کو المصطفٰی ٹرسٹ آئی ہسپتال کا وزٹ کر کے ا س لیے دلی خوشی اور اطمینان ہوا کہ صاف ستھرا ماحول ، خوش مزاج عملہ، بہترین مشینری ، معیاری طبی آلات اور مریضوں کی عزت نفس کا خیال رکھتے ہوئے بہترین مفت علاج۔بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ہسپتال کے مرکزی گیٹ سے متصل اس عمدہ سیٹ کا تعارف معروف صحافی اور سماجی کارکن جناب نواز کھرل صاحب کی وساطت سے ہوا۔ کھرل صاحب نے ہسپتال کے تمام شعبہ جات کا وزٹ کروایا۔ ہسپتال کے قیام ،اغراض و مقاصد اور مستقبل کے منصوبہ جات کے بارے میں بریفنگ دی۔ ہسپتال کے ایم
ایس ڈاکٹر محمد شریف مرحوم کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس میں شرکت کی سعادت حاصل ہوئی۔ جناب طارق فضل صاحب نے قرآن پاک کا تحفہ پیش کیا ۔اس اعلیٰ سیٹ اپ میںمیو ہسپتال لاہور کے شعبہ امراض کے سربراہ ماہر امراض چشم پروفیسر ڈاکٹر ناصر چوہدری کی زیر نگرانی بہترین علاج کی سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔پروفیسر صاحب معروف ماہر بصیرت و بصارت ڈاکٹر صاحبزادہ فرخ حفیظ صاحب سے فیض یا فتہ ہیں ۔اس فیض کے زیر اثر آپریشن کے بعدآپ علمی اور روحانی مجالس کا اہتمام کرتے ہیں ۔آج کل بہترین منتظم داکٹر صاحبزادہ انعام الحق صاحب ایم ایس کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں ۔ڈاکٹر صاحب کا تعلق ایک بڑے علمی اور روحانی خانوادہ سے ہے۔ایسی عمدہ ٹیم ہو تو کسی بھی ادارہ کی کامیابی یقینی ہوتی ہے ۔ہسپتال سے متصل کشادہ جگہ پر ”المصطفٰے دسترخوان “ بھی قائم کیا گیا ہے جہاں مریضوں ، لواحقین کے ساتھ عوام کےے لیے دو وقت کامعیاری کھانامیز اور کرسیوں پر بٹھا کر عزت و احترام کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے ۔رمضان المبارک میں افطار ڈنر کا وسیع اہتمام کیا جاتا ہے اور مستحق خاندانوں میںکھانے پینے کی اشیاءپر مشتمل پیکٹس تقسیم کیے جاتے ہیں۔ٹرسٹ کے زیر اہتمام ہر برس سردیوں میں مستحق خاندانوں میںرضائیاں ،کمبل، جرسیاں، گرم کپڑے اور چادریں تقسیم کی جاتی ہیں۔گھر کی چھت سے محروم کھلے آسمان کے نیچے بسنے والے افراد کیلئے بھی رضائیوں کا انتظام کیا جا تا ہے۔خدمت خلق کے ساتھ ساتھ یہ ٹرسٹ فروغ تعلیم میں بھی شاندار خدمات پیش کر رہا ہے۔ دینی اداروں میں قرآن پاک حفظ کرنے والے خوش نصیب طلباءکو وظیفہ دیا جاتا ہے اور اساتذہ کرام کو تنخواہیں بھی ادا کی جاتی ہیں۔ملک عزیز کے کئی علاقے صاف پانی جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ ٹرسٹ کی طرف سے ”کلین واٹر پروجیکٹ “کے ذریعے صاف پانی مہیا کیا جا رہا ہے۔ ٹرسٹ نے سینکڑوں بھٹہ مزدوروں کے قرضے ادا کر کے ان کو غلامی سے آزدی دلوائی۔ مختلف شہروں میں اجتماعی شادیوں کے ذریعے ہزاروں مستحق بچیوں کے گھر آباد کیے۔ ا مسال سیلاب کی تباہ کاریوں میں ٹرسٹ نے بڑھ چڑھ کر خدمات پیش کیں۔ ٹرسٹ کے کارکنوں نے دور افتادہ علاقوں میں متاثرین کو طبی سہولتوں کے ساتھ ساتھ دیگر شعبوں میں تعاون کیا اور دکھی انسانیت کیلئے فرشتہ بن گئے۔المصطفٰی ٹرسٹ خدمت خلق کے شعبہ میںموثر و متحرک نیٹ ورک کے ساتھ دنیا کے بائیس ممالک میںبے لوث اور مخلصانہ خدمات سر انجام دے رہا ہے۔ اس ٹرسٹ کی بنیاد ملک عزیز کے نیک نام سیاستدان، سابق وفاقی وزیر اورسماجی شخصیت جناب الحاج محمد حنیف طیب صاحب نے جذبہ صادق کے ساتھ 1983ءمیں رکھی۔” روشنی سب کیلئے “ اس ٹرسٹ کا ماٹو اور سلوگن ہے جسکے تحت یہ ادارہ ملک عزیز کے کونے کونے میں فری آئی کیمپس کے ذریعے لاکھوں مریضوں میں نور بصارت تقسیم کر رہا ہے۔دنیا بھر میںفلاح انسانیت کے حوالے سے جاری فلاحی منصوبوں کی فہرست اور اعداو شمار کو ایک کالم میں سمیٹنا ممکن نہیں۔اللہ پاک المصطفیٰ ٹرسٹ کو قائم و دائم رکھے۔اسکے کارکنوں اور معاونین کو سلامت رکھے۔ حقیقت یہ ہے کہ ملک عزیزان عظیم لوگوں کی وجہ سے ہی سلامت ہے۔کیونکہ
یہی ہے عبادت یہی دین و ایماں
کہ کام آئے دنیا میں انساں کے انساں
٭....٭....٭
کہ کام آئے دنیا میں انساں کے انساں
Nov 22, 2022