اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان سے ملائیشیا کو برآمدات بڑھ کر 432 ملین ڈالر ہو گئیں، پاکستان کے گلابی نمک کی ملائیشیا میں بہت زیادہ مانگ ، قیمت 110 ڈالر فی ٹن،پاکستان کو آزاد تجارتی معاہدے کے تحت ملائیشیا میںبرآمدات پر 30 فیصد ٹیرف کی شرح کا سامنا۔ویلتھ پاک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان 2008 میں ایک آزاد تجارتی معاہدے پر دستخط کیے گئے جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینا تھا لیکن یہ معاہدہ حقیقی تجارتی توازن کی عکاسی نہیں کرتا۔ ملائیشیا میں زیادہ سامان بھیج کر اور اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ زراعت پر مبنی برآمدات پر زیادہ انحصار نہ ہوبرآمدات میں تنوع پیدا کرنا ضروری ہے۔ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے مطابق ہیومن ہئیر ویسٹ کی برآمد کا امکان 5 ملین ڈالر ہے لیکن اس حقیقت کے باوجود کہ یہ پراڈکٹ صفر فیصدٹیرف سے مشروط ہے پاکستان سے کوئی برآمد نہیں ہو رہی ہے۔ پاکستان اس مارکیٹ میں داخل ہو سکتا ہے کیونکہ وہ اس وقت بالترتیب 2,063 ڈالرفی ٹن اور 1,094 ڈالرفی ٹن کی اوسط قیمت پر ویتنام اور میانمار کو ہیومن ہئیر ویسٹ برآمد کرتا ہے۔ ملائیشیا ہندوستان سے 40,833 ڈالر فی ٹن کے حساب سے مصنوعات درآمد کرتا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس پروڈکٹ کی ملائیشیا کو برآمد سے پاکستان کے تجارتی توازن پر مثبت اثر پڑے گا۔ ٹی ڈی اے پی کی رپورٹ میں اس بات پر روشنی ڈالی گئی ہے کہ پاکستان کے گلابی نمک کی ملائیشیا میں بہت زیادہ مانگ ہے لیکن فی الحال اسے زیادہ قیمت پر برآمد کیا جاتا ہے جس سے اس کی برآمدات متاثر ہو رہی ہیں۔ اگر نمک کی قیمت گرتی ہے تو اس کی برآمد کو موجودہ 45 فیصد سے بڑھا کر 50 فیصد کیا جا سکتا ہے۔ آسٹریلیا اور بھارت ملائیشیا کو بالترتیب 59 ڈالر فی ٹن اور 51 ڈالر فی ٹن کے حساب سے نمک برآمد کرتے ہیںجبکہ پاکستانی نمک کی قیمت صفر ٹیرف کے ساتھ 110 ڈالر فی ٹن ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان 2008 میں تجارتی معاہدہ ہوا تھا، پاکستان سے برآمدات 85.091 ملین ڈالر تھیں جو مالی سال 2021-22 میں بڑھ کر 432.695 ملین ڈالر ہو گئیں۔
پاکستان سے ملائیشیا کو برآمدات بڑھ کر 432 ملین ڈالر ، گلابی نمک کی مانگ ، قیمت 110 ڈالر فی ٹن
Nov 22, 2022