بہارہ کہوبائی پاس سے متعلق کیس،اسلام آبادہائیکورٹ نے ڈی جی ماحولیات کو طلب کرلیا

Nov 22, 2022


اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آبادہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی عدالت نے قائداعظم یونیورسٹی اراضی پر بہارہ کہوبائی پاس سے متعلق کیس میں ڈائریکٹرجنرل ماحولیات کو طلب کرلیاگیا۔گذشتہ روز سماعت کے دوران درخواست گزار وکیل کاشف ملک، قائداعظم یونیورسٹی کے وکیل نعمان پراچہ، سی ڈی اے وکیل نذیر جواد، ایڈیشنل اٹارنی جنرل منوراقبال دوگل اور دیگر عدالت پیش ہوئے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایاکہ معاملہ حل کرنے کیلئے یونیورسٹی اور سی ڈی اے نمائندوں کا اجلاس13نومبر کوہواہے، درخواست گزار وکیل نے کہاکہ بہارہ کہو منصوبہ پر کام جاری رکھ کرحکم امتناع کی خلاف ورزی کی جارہی ہے، دوران سماعت تحفظ ماحولیات ایجنسی کی جانب سے رپورٹ عدالت پیش کرتے ہوئے بتایاگیا کہ قواعدوضوابط کی خلاف ورزی پر سی ڈی اے کو10لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیاگیاہے جو ابھی تک ادا نہیں کیاگیا جس کی ادائیگی کے بعد منظوری دے دی جائے گی، ابھی مشروط اجازت دی گئی ہے، اس موقع پر عدالت نے برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ قانون میں مشروط منظوری کا کوئی تصور موجود نہیں ہے صرف منظوری ہے، عدالت نے درخواست گزار وکیل سے کہاکہ ہمیں کوئی جلدی نہیں ہے، قانون کے مطابق کاروائی کی جائے گی، عدالت نے مذکورہ بالا اقدامات کے ساتھ سماعت25 نومبر تک کیلئے ملتوی کردی۔

مزیدخبریں