کوریا میں ISTAF ورلڈ چیمپئن شپ کےلئے 6رکنی قومی ٹیم کا اعلان


کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کوریا میں ہونے والی ISTAF ورلڈ چیمپئن شپ کے لئے چھ رکنی قومی ٹیم کا اعلان کردیا گیا۔ ٹیم محمد خالد‘ محمد ارشد‘ حسین احمد‘ ذوالفقار علی‘ نعمان سرور‘ سرفراز رحمان پر مشتمل ہے جبکہ نوشاد احمد خان مینجر اور طاہرہ یاسمین ٹیکنیکل ہونگی۔ ٹیم کے اعلان کے موقع پر سندھ اولمپک ایسو سی ایشن کے سیکریٹری جنرل احمد علی راجپوت نے پاکستان سپاک ٹاکرا ٹیم سے نارتھ کراچی جیمخانہ میں ملاقات کر کے ٹیم کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کھلاڑیوں سے کہا کہ آپ لوگ دل و جان سے محنت کریں اور کوریا میں ہونی والی ISTAF ورلڈ چیمپئن شپ میں پاکستان کے لئے میڈل جیتیں ، جیساکہ آپ لوگوں نے 35ویں ورلڈ کنگ کپ میں پاکستان کے لئے برونز میڈل جیتا جو کہ جولائی میں بنکاک تھائی لینڈ میں منعقد ہوئی تھی۔ احمد علی راجپوت نے پاکستان سیپاک ٹاکرا فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل نوشاد احمد خان سے کہا کہ آپ اور شبیر احمد صدر سندھ سپاک ٹاکرا ایسوسی ایشن جس طرح سپاک ٹاکرا کے کھیل کو سندھ اور پاکستان میں فروغ و مقبول کر رہے ہیں اس کی مثال نہیں ملتی کیونکہ اپنی مدد آپ کھیل کو فروغ دینا بہت ہی مشکل ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ اولمپک ایسو سی ایشن پاکستان سپاک ٹاکرا فیڈریشن کو سپورٹ کرتی ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن