میزان بینک اور مارگیج ری فنانس کمپنی کے مابین معاہدہ

کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان کے معروف اسلامی بینک میزان بینک اور پاکستان مارگیج ری فنانس کمپنی (PMRC)نے ملک میں سستی ہاﺅسنگ فنانس کو سپورٹ اور فروغ دینے کیلئے ایک ماسٹر مشارکہ معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔پا کستان مارگیج ری فنانس کمپنی (PMRC)اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے قائم کی گئی ایک مارگیج لیکیوڈیٹی سہولت ہے۔ اس معاہدے کے تحت پی ایم آر سی میزان بینک کو 5سال کے فکسڈ ریٹ پر رعائتی فنڈز فراہم کرے گی، جو ہاﺅسنگ ویلیو چین میںکلیدی مدد فراہم کریں گے۔ 5ارب روپے مالیت کے فنڈز کے حصول کے ساتھ میزان بینک کا مقصد بہتر اور کم شرح کے ذریعے ملک میں شریعت کے مطابق سستی ہاﺅسنگ فنانس تک رسائی کو بہتر بناناہے۔ میزان بینک کے ہیڈ آفس میں منعقدہ تقریب میں میزان بینک کے بانی صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر عرفان صدیقی، ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر عارف الاسلام،گروپ ہیڈ کنزیومر فنانس سید افتخار الحق اور ہیڈ آف ہاﺅسنگ فنانس مسرور محسن نے شرکت کی۔ جبکہ پی ایم آر سی کی نمائندگی منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر مدّثر ایچ خان، ریذیڈنٹ شریعہ بورڈ ممبر ڈاکٹر مفتی محمد یونس علی، ہیڈ آف بزنس محمد شہزاد خان اور اسلامک بزنس کے سربراہ حسن جنید ناصر نے کی۔ اس موقع پر میزان بینک کے بانی صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر عرفان صدیقی نے پی ایم آر سی کی جانب سے اسلامک فنانس مارکیٹ میں جدّت لانے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہاکہ شرح سود(KIBOR)میں اضافے کے باوجود یہ اقدام صارفین کیلئے شریعت کے مطابق ہاﺅسنگ فنانس کو مزید سستی بناکر ملک میں اسلامک ہاﺅسنگ فنانس کو سپورٹ فراہم کرے گا۔ پی ایم آر سی کے ساتھ معاہدہ پر ہمیں خوشی ہے کیونکہ وہ مقررہ منافع کی شرح کے ساتھ ملک میں طویل المدّتی ہاﺅسنگ فنانس کی ترقی میں اہم پلیئر بنتے جارہے ہیں۔ اس موقع پر پی ایم آر سی کے منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر مدّثر ایچ خان نے کہاکہ یہ معاہدہ دونوں اداروں کیلئے ایک سنگِ میل ہے کیونکہ ہم ملک میں ہاﺅسنگ سیکٹر کی ترقی اور اس کو سپورٹ فراہم کرنے کیلئے مالیاتی اداروں کے درمیان باہمی تعاون کی اہمیت سے آگاہ ہیں۔ ہمیں ملک کے سب سے بڑے اسلامی بینک کو سپورٹ کرنے پر فخر ہے اور ہمیں یقین ہے کہ اس طرح کا تعاون ملک میں سستی رہائش کے فروغ اور ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ 
میزان بینک 

ای پیپر دی نیشن