پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف سائفر کیس میں فردِ جرم کیخلاف وکیل نے التواء مانگ لیا۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں سابق وزیراعظم عمران خان کی سائفر کیس میں فرد جرم کی کارروائی کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے سماعت کی، جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس عائشہ ملک بینچ میں شامل تھے۔ بتایا گیا ہے کہ دوران سماعت وکیل حامد خان نے کہا کہ کل اسلام آباد ہائیکورٹ کا ایک فیصلہ آیا ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں درخواست میں کچھ ترمیم کرنا چاہتا ہوں اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کا جائزہ لینا چاہتا ہوں، اس لیے التواء دیا جائے۔ جسٹس سردار طارق مسعود نے ریمارکس دیئے کہ ’اسلام آباد ہائیکورٹ کا تو نیا آرڈر آیا ہے، جس آرڈر کیخلاف آپ کی اپیل ہے اسے ہم اب بھی سن سکتے ہیں‘، اس پر حامد خان نے استدعا کی کہ ’ہائیکورٹ میں انٹراکورٹ اپیل کے فیصلے کا جائزہ لینے کی مہلت دیں‘ جس پر عدالت نے حامد خان کی استدعا منظور کرکے سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی جب کہ جسٹس سردار طارق مسعود نے ریمارکس دیئے کہ ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف آپ نئی اپیل بھی دائر کرسکتے ہیں۔خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے سائفر کیس میں جیل ٹرائل کا نوٹی فکیشن غیر قانونی قرار دے دیا، عدالتی فیصلے میں چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سائفر کیس میں جیل ٹرائل کا 29 اگست کا نوٹی فکیشن غیر قانونی اور جیل ٹرائل کے خلاف عمران خان کی انٹراکورٹ اپیل منظور کرتے ہوئے29 اگست سے 15 نومبر تک ہونے والا سائفر کیس کا جیل ٹرائل کالعدم قرار دے دیا گیا تاہم آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے جج کی تعیناتی درست قرار دی گئی ہے، اس حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے ڈویژن بینچ نے سماعت مکمل ہونے کے بعد آج ہی فیصلہ محفوظ کیا تھا جو اب جاری کردیا گیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ غیر معمولی حالات میں جیل کے اندر ٹرائل کیا جا سکتا ہے لیکن قانون کے تحت جیل ٹرائل اوپن یاان کیمرا ہوسکتا ہے اور 13نومبرکو کابینہ منظوری کے بعدجیل ٹرائل کے نوٹی فکیشن کاماضی پراطلاق نہیں ہوگا۔ بتایا گیا ہے کہ اس کیس میں عمران خان کی اپیل پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے سماعت مکمل کرکے فیصلہ محفوظ کیا تھا جہاں آج سابق وزیراعظم کے وکیل سلمان اکرم راجہ کے دلائل مکمل ہوئے جن کے بعد وفاق سے اٹارنی جنرل منصور اعوان اور ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے بھی اپنے دلائل مکمل کیے، جس پر عدالت نے عمران خان کی جیل ٹرائل کے خلاف انٹراکورٹ اپیل پر فیصلہ محفوظ کیا۔
سائفر کیس میں فردِ جرم کیخلاف عمران خان کے وکیل نے التواء مانگ لیا
Nov 22, 2023 | 12:07