ریاض (نوائے وقت رپورٹ) چینی صدر شی جن پنگ نے برکس اجلاس سے خطاب میں کہا ہے کہ غزہ تنازعہ میں شریک دونوں فریق تنازع کا حل بات چیت سے کریں۔ غزہ میں ہنگامی بنیادوں پر جنگ بندی کی جائے۔ دونوں فریقین عام اور نہتے شہریوں پر حملے بند کریں۔ دونوں طرف سے یرغمالیوں کی رہائی یقینی بنائی جائے۔ غزہ میں مزید انسانی جانوں کا ضیاع ہونے سے روکا جائے۔ غزہ کے لوگوں کو جبری بےدخل نہ کیا جائے۔ غزہ کے رہائشیوں تک بجلی‘ پانی‘ ایندھن سمیت تمام بنیادی سہولیات پہنچائی جائیں۔ روسی صدر پیوٹن نے برکس اجلاس سے خطاب میں کہا کہ فلسطین‘ اسرائیل تنازع جنگ سے نہیں بلکہ بات چیت سے حل کیا جائے۔ تنازع کو حل کرنے میں سیاسی کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔ تنازع کے پائیدار اور دیرپا حل کی ضرورت ہے۔ تنازعہ کا دو ریاستی حل کے سوا کوئی آپشن نہیں۔ تنازعات میں انسانی ہمدردی پر جنگ میں وقفے کی فوری ضرورت ہے۔ روس میں عرب اسلامی وزرائے خارجہ نے فوری جنگ بندی اور مسئلہ فلسطین کے جلد حل پر زور دیا ہے۔ ماسکو میں عرب اور اسلامی ممالک کے وفود کی قیادت سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کی۔ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے کہا کہ عالمی انسانی حقوق کے بنیادی قوانین سے متصادم دہشت گرد کارروائیوں کی مذمت کرتے ہیں۔ غزہ کے مسئلے کے حل کیلئے فوری جنگ بندی اور یرغمالیوں کی جلد رہائی ناگزیر ہے، غزہ کی پٹی پہنچنے والی انسانی امداد ضرورت کے مقابلے میں بہت کم ہے۔ فلسطین کے بحران کے حل کیلئے عرب اور اسلامی ممالک زیادہ بہتر کردار ادا کرسکتے ہیں۔ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ غزہ میں فوری جنگ بندی اور سنجیدہ امن مذاکرات پر عملدرآمد کیا جائے۔ اسرائیل کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیاں انتہا پسندی بڑھا رہی ہیں، دو ریاستی حل کے سوا کوئی آپشن قابل قبول نہیں۔ جنگ بندی کے بعد صرف غزہ کی پٹی کے مستقبل کا تعین نہیں کرنا، پورے مسئلے کے حل کیلئے سوچ و بچار کرنے کی ضرورت ہے۔ غزہ میں فوری جنگ بندی، محاصرے کا خاتمہ اور شہریوں کا تحفظ ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کی پٹی کے ہسپتال غیرمحفوظ بن چکے ہیں۔ سعودی عرب نے دنیا بھر سے اسرائیل کو اسلحے کی فراہمی روکنے کا مطالبہ کر دیا۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے برکس اجلاس سے ورچوئل خطاب کرتے کہا کہ تمام ممالک سے اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی روکنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ غزہ پٹی پر اسرائیلی وحشیانہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ غزہ میں فوری طور پر انسانی امداد پہنچانی ہو گی۔ 1967ءکی حد بندی کے تحت خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام ضروری ہے۔ غزہ پر حملے روکنے کیلئے تمام ممالک اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی روکیں۔ غزہ میں انسانی امداد پہنچانے کیلئے محفوظ راہداریاں بنائی جائیں۔ مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے جامع امن مذاکرات کی شروعات وقت کی ضرورت ہے۔