پولیس گاڑیاں نذرآتش کیس: ڈاکٹر یاسمین‘ روبینہ جمیل‘ اعجاز چودھری پر فرد جرم عائد

Nov 22, 2023

لاہور (خبر نگار) انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل خان نے نو مئی کو راحت بیکری کے سامنے پولیس کی گاڑیاں جلانے کے کیس میں پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد، روبینہ جمیل اور اعجاز چوہدری پر فرد جرم عائد کر دی۔ عدالت نے گواہان کو شہادت قلمبند کرانے کیلئے 16 دسمبر کو طلب کر لیا۔ ملزمان نے جرم صحت سے انکار کیا، مقدمہ میں بغاوت سمیت دیگر نئی دفعات شامل ہو چکی ہیں۔ ادھر لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے نو مئی جلاﺅ گھیراﺅ کیس میں 5مغویان کی بازیابی کے لیے حبس بجا کی درخواست پر وفاقی حکومت اور سیکرٹری دفاع کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے 30 نومبر کو جواب طلب کر لیا۔ عدالت کے روبرو وفاقی حکومت اور سیکرٹری دفاع کی جانب سے جوابات داخل نہ کرائے گئے۔ درخواست گزاران کے وکیل مقصود بٹر نے مﺅقف اپنایاکہ پولیس اور سکیورٹی فورسز نے سینکڑوں پی ٹی آئی لیڈروں اور ورکروں کو گرفتار کر لیا۔ حکومت نے پک اینڈ چوز کے تحت مقدمات درج کئے۔ جسٹس علی باقر نجفی نے پی ٹی آئی ایکٹوسٹ خدیجہ شاہ کی نظربندی کیخلاف جہانزیب امین کی درخواست کا تحریری حکم جاری کر دیا۔ حکم میں کہا گیا ہے کہ درخواست کے مطابق ڈپٹی کمشنر لاہور نے انٹیلیجنس کمیٹی کی رپورٹ پر نظرِ بندی کا حکم دیا۔ ڈپٹی کمشنر کو تفصیلی رپورٹ اور جواب کیلئے نوٹس جاری کیا جاتا ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور 22 نومبر کو تفصیلی رپورٹ اور جواب داخل کریں۔

مزیدخبریں