پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور سابق صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ مرے کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب جارہا تھا کہ مجھے باچا خان ایئرپورٹ پر روک دیا گیا، میرا نام نہ ای سی ایل میں ہے اور نہ ہی میرے خلاف کوئی ایف آئی آر ہے لیکن کچھ پتا نہیں بورڈنگ پاس اور کلیئرنس ملنے کے بعد کیوں روکا گیا؟ اور مجھ سے بورڈنگ پاس بھی لے لیا گیا۔ ادھر اینٹی کرپشن نے پی ٹی آئی رہنما اور سابق صوبائی وزیر تیمور سلیم جھگڑا کے گھر پر چھاپہ مارا ہے، اینٹی کرپشن نے تیمور سلیم جھگڑا کے اسلام آباد والے گھر پر چھاپہ مارا، تیمور سلیم جھگڑا گھر پر موجود نہیں تھے گرفتار نہیں ہو سکے۔ چند روز قبل ہی اینٹی کرپشن خیبر پختونخوا نے سابق سپیکر قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی کے رہنما اسد قیصر کو بھی اسلام آباد سے گرفتار کیا تھا، اسد قیصر کے بھائی نے بتایا کہ اسد قیصر کو ان کی رہائش گاہ سے گرفتارکیا، اسد قیصر گھر پر تھے جب پولیس اورسادہ لباس اہلکار گھر آئے اور سادہ لباس اہلکار اسد قیصر کو گرفتار کرکے لے گئے اسی طرح پنجاب کے سابق صوبائی وزیر اور قصور سے پی ٹی آئی ٹکٹ ہولڈر سردار آصف نکئی کو گرفتار کرلیا گیا، ترجمان تحریک انصاف نے بتایا کہ سابق صوبائی وزیر اور قصور سے تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈر سردار آصف نکئی کو گزشتہ شب اسلام آباد سے نامعلوم افراد نے حراست میں لیا لیکن اب تک کسی بھی عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔ ترجمان پی ٹی آئی نے اپنے بیان میں چیف جسٹس پاکستان سے اپیل کی ہے کہ جبری پریس کانفرنسز اور کٹھ پتلی پارٹیوں میں شنولیتیں کروانے کے لیے سیاستدانوں کے اغوا برائے بیان پر جمع کروائی گئی پٹیشنز کو ترجیحی بنیاد پر سپریم کورٹ میں لگائیں تاکہ انسانی حقوق کی پامالی کا راستہ روکا جائے۔
شوکت یوسفزئی آف لوڈ‘ پی ٹی آئی رہنماء کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا
Nov 22, 2023 | 12:18