اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے پاکستان امن پسند ملک ہے اور تمام ممالک بالخصوص اپنے ہمسائیوں کےساتھ دوستانہ تعلقات کاخواہشمند ہے تاہم امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھاجائے ۔ انہوں نے واضح کیا کشمیر کے تنازعہ کے حل کے بغیر امن ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا ہم بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموں و کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی پامالیوں کی مذمت کرتے ہیں۔ بطورقوم ہم نے ماضی میں چیلنجوں سے نمٹا ہے اور اسی طرح مستقبل کے چیلنجزسے بھی نمٹیں گے۔ توقع ہے ہم سب مل کر پاکستان کو مضبوط اور خوشحال ملک بنائیں گے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وہ پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان میں پاکستان ایئر فورس کی پاسنگ آﺅٹ پریڈ سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیرعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا پاکستان امن پسند ملک ہے اور تمام ممالک بالخصوص اپنے ہمسائیوں کےساتھ دوستانہ تعلقات کاخواہشمند ہے، پاکستان کی مسلح افواج اندرونی و بیرونی چیلنجزسے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ وزیراعظم نے پاس آﺅٹ ہونے والے کیڈٹس کو بیج لگائے اور کالجزآف فلائنگ ٹریننگ و ایروناٹیکل انجینئرنگ کے کمبائن کورسز سے گریجوایٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا آج سے پاک فضائیہ کے آفیسر کے طور پر آپ کے کیریئر کا آغاز ہو رہا ہے، آپ نے ایئرفورس اکیڈمی سے بہترین تربیت حاصل کی ہے اور مجھے پورا یقین ہے کہ اپنی تربیت کی بنیاد پر پوری لگن اور عزم کے ساتھ مستقبل کے چیلنجوں سے نبردآزما ہوں گے۔ انہوں نے کہا گریجوایشن پریڈ کا معائنہ کرکے بے حد خوشی ہوئی۔ آپ پاک فضائیہ کی شاندار روایات کے آمین ہیں۔ انہوں نے کہا ہم تیزی سے تبدیل ہوتی ہوئی عالمی و علاقائی تزویراتی تبدیلیوں کے چیلنجوں کے دور میں رہ رہے ہیں جس کے اثرات علاقے اور اس کےساتھ پاکستان پر بھی پڑرہے ہیں۔ سپیس نیٹ ورک، الیکٹرانک وار فیئر، سائبر سپیس، نینو ٹیکنالوجی، آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی وجہ سے قومی سلامتی اور دفاع کے روایتی تصورات میں بڑی تبدیلی رونما ہوئی ہے۔ انہوں نے پاکستان کے اس عزم کو دہرایا کہ وہ اسلحے کی دوڑ میں شامل نہیں تاہم کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کے لئے تیزی سے تبدیل ہوتی ٹیکنالوجی کے دور کی ضروریات سے نمٹنے کے لئے اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا مجھے خوشی ہے پاک فضائیہ نے حال ہی میں ایرو سپیس اور سائبر ڈومین میں ماڈرن نان کنٹیکٹ وارفیئر میں نمایاں ترقی کی ہے۔ پاک فضائیہ مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ اور بلندیوں کو چھو ئے گی۔ انہوں نے کہا یہ بات قابل اطمینان ہے پاکستان کی افواج پیشہ وارانہ اعتبار سے باصلاحیت ہیں اور اندرونی و بیرونی چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے اچھی تربیت کی حامل ہے۔ مسلح افواج کی قومی دفاع اور قومی تعمیر نو میں کردار کو پور ی قوم نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے آزمائش کے وقت ہمیشہ بڑے حوصلے کامظاہرہ کیا ہے اور مجھے امید ہے کہ وہ مستقبل میں بھی پاکستان کا پرچم سربلندرکھیں گے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ارکان سینٹ کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ ڈاکٹر شہزاد وسیم‘ افنان اﷲ‘ سلیم مانڈوی والا‘ عرفان صدیقی اور دیگر نے شرکت کی۔ عشائیے میں ملکی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، کشمیر تنازعہ حل کے بغیر ممکن نہیں: وزیراعظم
Nov 22, 2023