اسرائیلی حملے جاری ہیں، حالیہ حملوں میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کے پوتے سمیت مزید 27فلسطینی شہید ہوئے جس سے مجموعی شہادتوں کی تعداد 14ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق خان یونس میں اپارٹمنٹ پر اسرائیل کی بمباری سے مزید 10 جبکہ نسائرات کیمپ میں گھر کو نشانہ بنایا گیا .جس کے نتیجے میں 17 فلسطینی شہید ہوئے۔ شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 14 ہزار 128 ہوگئی۔غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں 33ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہوئے جن کی بڑی تعداد کو طبی امداد میسر نہیں۔ غزہ پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں اسماعیل ہنیہ کا پوتا شہید ہوگیا۔
اسماعیل ہنیہ کے پوتے جمال محمد ہنیہ کی شہادت حماس کے سربراہ کیلئے افسوسناک ہے۔ قبل ازیں اسماعیل ہنیہ کی پوتی بھی اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں شہید ہوچکی ہیں۔ 7اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت سے غزہ کا انفرا سٹرکچر تباہ ہوگیا۔ حملوں کے نتیجے میں غزہ کے ہسپتالوں سے قاہرہ لائے گئے 28فلسطینی نومولود بچے تاحال زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔ عالمی ادارۂ صحت کا کہنا ہے کہ کئی بچوں کے والدین اور گھرانے شہید ہوگئے ہیں۔ عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث اسرائیل کی جانب سے وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں عالمی سطح پر بھی صیہونی ریاست کو شدید شرمندگی کا سامنا ہے۔ متعدد ممالک نے اسرائیل سے سفارتی تعلقات منقطع کردئیے۔ امریکا، برطانیہ اور مغربی ممالک میں پابندیوں کے باوجود عوام کی بڑی تعداد نے سڑکوں پر نکل کر اسرائیلی جارحیت اور خاص طور پر بچوں کی شہادت پر کھل کر احتجاج کیا اور صیہونی آبادکاروں کی پالیسیوں کی شدید مذمت کی۔