لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید کو پاکستان میں شیڈول آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 ء کیلئے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر مقرر کردیا ہے۔پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے کہاہے کہ سمیراحمد ایک غیر معمولی منظم پروفیشنل ہیں جن میں انتظامی مہارت کیساتھ ساتھ کرکٹ کیلئے غیر متزلزل جذبہ بھی موجود ہے اور مجھے یقین ہے کہ وہ کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کیلئے ناقابل فراموش آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی پیش کریں گے۔ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 ء پاکستان کی عالمی معیار کی کرکٹ کی میزبانی کی صلاحیت کو ظاہر کرنے کا وعدہ کرتی ہے۔ دنیا بھر سے کھلاڑیوں اور شائقین کا خیرمقدم کرتے ہوئے یہ ان کیلے خوبصورت تجربہ ہوگا کہ وہ کھیل کیلئے اس ملک کے جذبے اور مشہور مہمان نوازی کو دیکھ سکیں گے۔ یہ ٹورنامنٹ پاکستان کی حالیہ تاریخ میں کھیلوں کے سب سے بڑے ایونٹ کے طور پر ایک تاریخی سنگ میل ہے۔