لاہور(کامرس رپورٹر)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں ابوذر شاد نے کہا چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے بارڈرز کنٹرول، معاشی بحالی اور ڈالر کی قیمت میں کمی کیلئے بہترین کردار ادا کیا جس پر کاروباری برادری انہیں سراہتی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر میں اینٹی نارکوٹکس فورس پنجاب کے اشتراک سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈی جی اینٹی نارکوٹکس فورس بریگیڈیئر سکندر حیات چودھری ،سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان، نائب صدر شاہد نذیر چودھری اور سابق صدر میاں انجم نثار نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ اس موقع پر ڈی جی اینٹی نارکوٹکس فورس نے ادارے کے بارے میں تفصیلی پریزنٹیشن بھی دی۔ صدر لاہور چیمبر نے کہا اینٹی نارکوٹکس بورڈ میں حقیقی تاجروں کو نمائندگی دی جائے۔ چیف آف آرمی سٹاف کی جانب سے ملک کی معیشت کی بحالی کیلئے کردار ادا کرنا خوش آئند ہے۔ ڈی جی اینٹی نارکوٹکس فورس بریگیڈیئر سکندر حیات نے کہا قواعد و ضوابط پر عمل درآمد کیا جائے تو مسائل پیدا نہیں ہونگے۔ کوشش ہے کہ انڈسٹری کیلئے آسانیاں پیدا کی جائیں۔ اے این ایف کی ویب سائٹ پر تمام قواعد و ضوابط موجود ہیں۔ انہوں نے لاہور چیمبر میں سہولیاتی مرکز قائم کرنے سے متعلق میاں ابوذر شاد کی تجویز سے اتفاق کیا۔